اتوار 15 فروری 2026 - 20:34
اتر پردیش کے فرخ آباد میں امام بارگاہ اور تعزیوں کو نذر آتش کرنے کا واقعہ، شیعہ برادری میں شدید غم و غصہ

حوزہ/ ریاست اتر پردیش کے ضلع فرخ آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم شرپسند عناصر نے ایک امام بارگاہ اور اس میں رکھے گئے تعزیوں کو نذر آتش کر دیا۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور شیعہ برادری میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ریاست اتر پردیش کے ضلع فرخ آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم شرپسند عناصر نے ایک امام بارگاہ اور اس میں رکھے گئے تعزیوں کو نذر آتش کر دیا۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور شیعہ برادری میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ رات کے اوقات میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں امام بارگاہ کے اندر موجود مذہبی اشیاء اور تعزیوں کو نقصان پہنچا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی افراد موقع پر جمع ہو گئے اور انتظامیہ کو واقعے سے آگاہ کیا گیا۔ پولیس اور ضلعی حکام نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

علاقے کے معززین اور شیعہ نمائندوں نے اس عمل کو نہ صرف ایک مذہبی مقام پر حملہ قرار دیا بلکہ اسے ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب اور باہمی ہم آہنگی کے خلاف سازش بتایا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہندوستان ایک ایسا ملک ہے جہاں مختلف مذاہب کے ماننے والے صدیوں سے امن و آشتی کے ساتھ رہتے آئے ہیں اور عزاداریٔ امام حسینؑ پوری آزادی اور شان و شوکت کے ساتھ انجام دی جاتی رہی ہے۔

اس واقعے سے اقلیتی برادری کے مذہبی جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے اور اس نے سماجی ہم آہنگی کو متاثر کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے عوام سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے اور یقین دلایا ہے کہ قصورواروں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ علاقے میں احتیاطی طور پر پولیس کی نفری میں اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha