حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بلوچستان پاکستان کے علاقۂ بارکھان کی تحصیل رکھنی کے بازار میں ایک دکان کے سامنے دھماکے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
بارکھان پولیس کے مطابق، دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں 2 بچیاں بھی شامل ہیں۔
واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور لوگوں نے زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا، تاہم جہاں سے شدید زخمیوں کو ڈی جی خان ہسپتال روانہ کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، واقعہ کے بعد فورسز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال کر آمد و رفت کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔
دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی، جبکہ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس بھی پھیل گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس ہولناک دھماکے کے نتیجے میں متعدد گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔