حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی اور صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے ڈیرہ اللہ یار کا دورہ کیا اور اس موقع پر انجمن حسینیہ خواجگان نارووالی کی معاونت سے 21 اکیس مساجد کی تعمیر و مرمت کیلئے چک تقسیم کئے۔
تفصیلات کے مطابق، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی رہنما علامہ عبد الحق جمالی، مولانا محمد علی جمالی، مجلس علمائے شیعہ بلوچستان کے نائب صدر علامہ ذوالفقار علی سعیدی، علامہ سیف علی ڈومکی، سید حسین شاہ دوپاسی اور ضلعی صدر سید اسرار حسین شاہ و دیگر موجود تھے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مساجد کا معاشرے کی تعمیر اور اصلاح میں مرکزی کردار ہے مجلس وحدت مسلمین مسجد محور جماعت ہے ہمارے کارکنوں اور یونٹس کو مساجد سے اپنے تعلق کو مضبوط بنانا ہوگا۔ حالیہ بارش اور سیلاب میں جہاں لاکھوں مکانات گر گئے وہاں مساجد کو بھی نقصان پہنچا ان مساجد کا مجلس وحدت مسلمین اور انجمن حسینیہ خواجگان نارووالی کی ٹیم نے مل کر سروے کیا جس کے نتیجے میں آج اکیس مساجد کی تعمیر اور مرمت کی پہلی قسط ادا کی جا رہی ہے۔
علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ ہم انجمن حسینیہ خواجگان نارووالی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مساجد کی تعمیر و مرمت کے سلسلے میں تعاون کیا۔ الحمدللہ مجلس وحدت مسلمین نے گزشتہ چھ ماہ سے متاثرین سیلاب کی خدمت اور بحالی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔