حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمن سپاہ علی اکبر (ع) جیکب آباد بلوچستان کے زیر اہتمام اعیاد شعبانیہ کی مناسبت سے حبیب چوک جیکب آباد پر جشن میلاد حضرت امام حسین علیہ السلام و حضرت امام زین العابدین علیہ السلام اور حضرت عباس علمدار علیہ السلام منعقد ہوا۔
جشن میلاد سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل بیت علیہم السلام کے ایام ولادت باسعادت کی تقریب کا مقصد آل رسول سے اپنے عشق و مودت کا اظہار کرنا اور ان کے پیغام کا پرچار کرنا ہے ہم آئمہ اہل بیت علیہم السلام کے ایام ولادت و شہادت منا کر ان ذوات مقدسہ کی سیرت طیبہ کو بیان کرنے کے ساتھ ساتھ ان سے تجدید عہد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور ریاستی ادارے ضیائی آمریت کے سیاہ دور کی فرقہ واریت کو دوبارہ قوم پر مسلط کرنے سے باز رہیں۔ وطن عزیز پاکستان میں ملت جعفریہ نے ملکی سالمیت اور بقا و استحکام اور اتحاد بین المسلمین کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں ان کی قربانیوں کی قدر کی جائے۔
علامہ مقصود علی نے کہا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور کالعدم دہشت گرد تنظیموں کا ترجمان بن چکا ہے ایک فرقہ پرست تنگ نظر شخص کو وزارت مذہبی امور کی کرسی پر بٹھانا شرمناک حرکت ہے۔ مفتی عبدالشکور کو فی الفور ہٹایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آل محمد علیہم السلام کے دشمنوں کو تقدس کا لباس پہنا کر شیعہ سنی مسلمانوں سے دشمنان اہل بیت کی تعظیم کا مطالبہ کرنے والے سخت غلطی کا شکار ہیں۔ شیعہ سنی مل کر ان کا یہ ناپاک منصوبہ ناکام بنا دیں گے۔
جشن کی تقریب سے سید احسان علی شاہ بخاری، مولانا منور حسین سولنگی اور راجہ ریاض علی شاہ نے بھی خطاب کیا۔