حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عشرۂ فجر انقلاب اسلامی کی مناسبت سے کوئٹہ میں کونسل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران کی رہائش گاہ پر تقریب جشن منعقد ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق، تقریب کا آغاز دو برادر اسلامی ممالک ایران اور پاکستان کے قومی ترانے سے ہوا۔ تقریب سے صوبائی وزیر داخلہ ضیاء اللہ لانگو، کونسل جنرل آقائے حسین درویش وند، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی، جماعت اسلامی بلوچستان کے رہنما مولانا ڈاکٹر عطاء الرحمٰن، سابقہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی و دیگر نے خطاب کیا۔
انقلاب اسلامی کی 44 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آج سے 60 سال قبل دنیا مشرقی اور مغربی بلاک میں تقسیم تھی اور امریکہ اور سوویت یونین اقوام عالم کو غلام بنائے ہوئے تھے ایسے میں ایک عبد خدا اٹھا جس نے پوری قوم کو بیداری اور ظلم کے خلاف قیام کا درس دیا سید روح اللہ خمینی نے انبیاء کرام علیھم السلام کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے وقت کے نمرود اور فرعون کو للکارا۔
انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی پوری دنیا میں نور کی کرن بن کر چمکا جس نے ضلالت و تاریکی میں نور ھدایت کی شمع روشن کی۔ انقلاب اسلامی نے عالمی استکباری قوتوں کے ظالمانہ طاغوتی نظام کو للکارا اور یہ انقلاب دنیا بھر کے مستضعفین و محرومین کی امیدوں کا مرکز بن گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی 44 ویں سالگرہ کے موقع پر میں ایرانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ کونسل جنرل آقای درویش وند نے کہا کہ دو برادر اسلامی ممالک ایران اور پاکستان کی دوستی لازوال ہے ایران اور پاکستان کے درمیان تجارت کو فروغ دینا چاہیے۔
تقریب میں پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی بلوچستان نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاھوانی اراکین صوبائی اسمبلی و مختلف شخصیات نے شرکت کی۔