۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ

حوزہ/ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ نے اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دفاع ہم سب ملکر کریں گے سُنی شیعہ اسلام کے دو مضبوط بازو ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا ہے کہ ولایت علیؑ عزاداری کے تحفظ فروغ اور مذہبی وملی حقوق کے دفاع و پاسداری کیلئے آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اصولوں پر کار بند رہیں گے، 10 فروری عہد و پیمان کی تجدید کا دن ہے، غیرت مند اقوام نہ صرف اپنے افکارو نظریات اور ہیروز کا احترام کرتی ہیں بلکہ ان کے آثار کی عزت و حرمت اپنا اخلاقی اور انسانی فریضہ گردانتی ہیں لہذا ہم بھی اس مقصد کیلئے اپنی جان کی بازی لگانے سے بھی دریغ نہیں کریں گے، قائد اعظم ؒ اور علامہ اقبال ؒ نے پاکستان بنایا تھا اس کا دفاع ہم سب ملکر کریں گے، اُسوہ ِ شبیری ؑ پر عمل کرکے ظلم وبربریت اور دہشت گردی کے خلاف سینہ سپر ہیں، سُنی شیعہ اسلام کے دو مضبوط بازو ہیں جن کے اتحاد و یکجہتی کا عملی مظاہرہ باطل قوتوں کے منہ پر زوردار طمانچہ ہے،ملکی بقاء و استحکام کیلئے فیصلے خود کئے جائیں اور تمام رنجشوں کو ختم کرکے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کو ہر شے پر ترجیح دی جائے۔

اس بات کا خیال انہوں نے آغا سید حامد علی شاہ موسوی سے ”یوم تجدیدعہد“کے موقع پر علی ؑ مسجد میں مرکزی تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آغا حسین مقدسی نے باور کرایا کہ قوم و ملت کی بے لوث قیادت کے سنہری دورمیں کوئی بھی دشمن دین وطن آقای موسوی کو نہیں جھکا سکا اور نہ خرید سکا بلکہ انہوں نے ہرخوف، لالچ سے بے نیازہوکر تعلیمات آلؑ محمدؐکی ترویج اور قوم کی بھلائی کیلئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے انجام دیں۔

ٹی این ایف جے کے مرکزی نائب صدور آغامحمدمرتضیٰ موسوی ایڈووکیٹ، آغاسید علی روح العباس موسوی ایڈووکیٹ نے کہاکہ ہم سربراہ ٹی این ایف جے علامہ سیدحسین مقدسی کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملت جعفریہ کے حقوق کے حصول کیلئے آقای موسوی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہر ناپاک سازش کو ناکام بنا دیں گے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ بشارت حسین امامی نے کہا کہ تاریخی ایجی ٹیشن کے نتیجے میں 21مئی85ء کا جونیجو موسوی معاہدہ عمل میں آیا جو آقای موسوی کا وہ انمو ل تحفہ ہے جو میلاد و عزاء کے جلوسوں کے تحفظ کی گارنٹی ہے جس کے تحت کوئی مائی کا لال ان جلوسوں کو بند یا محدود نہیں کرسکتا؟

انہوں نے کہاکہ اگرحکمران، سیاستدان واقعی دہشتگردی کاقلع قمع کرناچاہتے ہیں توافواج پاکستان کونیک نیتی کیساتھ سپورٹ کریں، نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پرعملدرآمدکویقینی بنائیں۔

انہوں نے کہاکہ دہشتگردی عالمی مسئلہ بن چکاہے، پاکستان کونظریہ اساسی کی سزادی جارہی ہے لہذادشمن قوتوں کوآپس کے مثالی اتحادکیساتھ ناکام کرناہوگا۔ٹی این ایف جے کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ سیدقمرحیدرزیدی نے کہاکہ پاکستان کو مکتبی اسٹیٹ بنانے کی ضیائی سازش کو ناکام بنانا ٹی این ایف جے کا طرہ امتیاز ہے جس پر ہم آقای موسوی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

تقریب سے علامہ سید محسن علی ہمدانی، علامہ مقصود رضا عابد، علامہ سیدغضنفرعباس کاظمی، علامہ سید شبیہ الحسن کاظمی، علامہ سیدباقر نقوی، علامہ سید فخر عباس عابدی، مولانا ملک اجلال حیدری، باوا سید فرزند علی شاہ کاظمی، مختار فورس کے سرپرست اعلیٰ سردارعبادت حسین شاہ، چیئرمین چوہدری مشتاق حسین، سپریم کمانڈرسیدعلی اجود نقوی، مختارایس اوکے چیئرمین سیدمحمدعباس کاظمی، نائب صدرسیدجروان حسین کاظمی، ابراہیم اسکاؤٹس کے چیئرمین پروفیسرغلام عباس حیدری، چیف اسکاؤٹس کاشف کاظمی، ایم او کے صدرسیدثمرالحسن نقوی، ایم ایچ جعفری، ذوالفقار علی راجہ، ایم ایش جعفری، سیدباسط الحسن ایڈووکیٹ، امتیازبنگش،ڈی ایم حیدری، حسن کاظمی اور دیگرمرکزی عہدیداران ، ذیلی شعبہ جات کے سربراہان اوردیگرہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

تقریب کے اختتام پرٹی این ایف جے کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی نے ٹی این ایف جے وذیلی شعبہ جات کے عہدیداران، بانیان مجالس، ماتمی عزاداروں، سجادہ نشینوں کے ہمراہ مرکزی امام بارگاہ جامعہ المرتضی جی نائن فور اسلام آباد میں مرقد مبارک عالمِ ربانی آغا سید حامد علی شاہ موسوی ؒ پرحاضری اور چادر پوشی کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .