۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
آقا باقر حسین مقدسی

حوزہ/ تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ مسلمانان عالم دامن مصطفی ؑ کو عملاً تھام لیں تو دنیا و آخرت میں معراج کے فیوض سمیٹ سکتے ہیں، شب معراج عظمت و جلالت محمدیہ کی روشن برہان ہے۔

حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ رسول کی چچا زاد بہن حضرت ام ہانی بنت ابو طالب ؑ کے گھر سے شروع ہونے والا سفر معراج اسلام کے اعجاز اور حقانیت مصطفوی کی برتری کا مظہر ہے، مسلمانان عالم دامن مصطفی ؑ کو عملاً تھام لیں تو دنیا و آخرت میں معراج کے فیوض سمیٹ سکتے ہیں، شب معراج عظمت و جلالت محمدیہ کی روشن برہان ہے۔

انہوں نے کہا کہ شبِ معراج سے آج دنیائے سائنس بھی استفادہ کررہی ہے۔حضور اکرم ؐ کو شرف معراج سے نوازا گیا جس کا تذکرہ سورہ بنی اسرائیل میں یوں کیا گیا ہے کہ وہ خدا (ہر عیب سے) پاک و پاکیزہ ہے جس نے اپنے بندے کو راتوں رات مسجدِ حرام (خانہ کعبہ) سے مسجد اقصیٰ (آسمانی مسجد) تک سیر کرائی جس کے چو گرد ہم نے ہر قسم کی برکت مہیا کر رکھی ہے تاکہ اس کو اپنی قدرت کی نشانیاں دکھائیں اس میں شک نہیں کہ وہ (سب کچھ)سنتا اور دیکھتا ہے۔

علامہ مقدسی نے کہا کہ ختمی مرتبتؐ کو جسمانی طور پر کئی مرتبہ معراج حاصل ہوئی جس کا ذکر سورہ النجم میں ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری کائنات میں یہ منفرد اعزاز ہمارے پیارے نبی حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو حاصل ہے کہ انہیں معراجِ بندگی عطا ہوئی جس پر قرآن گواہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دو جہانوں کے والی تاجدار مدینہ ؐنے شب معراج بندگی کی وہ اعلی منزل پائی جس پر کوئی فائز نہ ہوسکا۔

آقا باقر حسین نے کہا کہ بھٹکی ہوئی انسانیت کو اپنے گوناگوں مسائل و مشکلات سے نجات حاصل کرنے کیلئے عشق مصطفی سے سرشار ہوکر دامن رسول ؑ و آل رسول کو مضبوطی سے تھامنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول امام حسین ؑ نے صاحب معراج نانا کے دین کے احیاء و تحفظ کیلئے شہر مصطفی سے دشت کربلا کا سفر اختیار کیا۔

انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام نے اپنے اعزا و جانثاروں کی قربانی دیکر محمدی ؐ مشن بچایا، 28رجب امام حسین ؑ کی مدینہ سے روانگی کی یاد اسی قربانی کی اجاگر کرتی ہے، آغا سید حامد علی شاہ موسوی اس عظیم یادگار کو ”یوم سفر شہادت“ سے منسوب فرمایا کرتے تھے، تمام اہل وطن فرزند رسول ؐکی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کریں اور اسلام کی سر بلندی ووطن عزیز کی سلامتی کیلئے دعائیں کر کے خط موسوی پر قائم رہنے کا اعادہ کریں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .