حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے 4 ذی الحج شہادت صحابی رسول حضرت ابوذر غفاری کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: حضرت ابوذر غفاری سچائی اور صداقت کے علمبردار اور باطل سے ٹکرانے والے تھے۔
انہوں نے کہا: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہ کہہ کر ابوذر غفاری کی صداقت پر مہر ثبت کر دی کہ "آسمان نے آج تک ایسے انسان پر سایہ نہیں کیا جو ابوذر سے زیادہ سچا ہو"۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا: حضرت ابوذر غفاری ایسے سچے عاشق رسول تھے جنہوں نے زاہدانہ زندگی گذاری۔ اپنے بے مثال زہد و تقویٰ کے باعث انہیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی مثل کہا جاتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا: سچائی تلخ ہوتی ہے لہٰذا حضرت ابوذر غفاری کو حق گوئی کے جرم میں ربذہ کے صحراء میں جلاوطن کیا گیا۔ جہاں آپ نے عالم غربت میں مظلومانہ شہادت پائی۔
ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی نے کہا: حضرت سلمان، ابوذر، مقداد، مالک اشتر اور عمار یاسر جیسے سینکڑوں اعلیٰ کردار کے حامل انسان نے مکتب اسلام میں تربیت پائی۔ جنہوں نے تاریخ انسانی پر اپنے پاکیزہ کردار کے باعث ان مٹ نقوش چھوڑے۔ عصر حاضر کی بشریت کو حق گوئی کے لئے کردار ابوذر کی ضرورت ہے۔ جو مال دنیا سے بے نیاز ہو کر رضائے رب کی خاطر حق کا علمبردار بن جائے۔