حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں مدرسہ امام علی علیہ السلام کے چھبیسویں یومِ تاسیس اور مولودِ کعبہ، امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی ولادتِ باسعادت کے موقع پر ایک پروقار اور روحانی تقریب منعقد ہوئی؛ جس میں علمائے کرام، اساتذہ، طلبہ اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد شعرائے کرام جناب عباس ثاقب، سید احمد شہریار اور عنایت شریفی سمیت دوسرے شعراء نے نعت و منقبتیں پیش کیں۔
مقررین حجت الاسلام سید منتظر مہدی اور حجت الاسلام ہانی رضا نے حضرت علی علیہ السلام کی سیرتِ طیبہ، عدل و شجاعت، علم و تقویٰ اور امتِ مسلمہ کے لیے آپؑ کی بے مثال خدمات پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر مدرسہ امام علی علیہ السلام کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین سید علی سلمان نقوی نے اس دینی ادارے کے قیام سے لے کر آج تک کی تعلیمی و دینی خدمات کے سفر پر مختصر روشنی ڈالی۔

جامعہ المصطفیٰ سے تشریف لائے محترم مہمان حجت الاسلام والمسلمین فریدی فر نے مدرسہ امام علی علیہ السلام کی جانب سے گزشتہ چھبیس برسوں میں دینی تعلیم، اخلاقی تربیت اور اسلامی اقدار کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
مدیر محترم حجت الاسلام نیاز علی اسدی نے مدرسہ علمیہ کی حالیہ کارکردگی پر مختصر روشنی ڈالی۔
تقریب کے آخر میں ادارے سے فارغ التحصیل ہونے والے طلاب کو اعزازات سے نوازا گیا۔











آپ کا تبصرہ