حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کرگل میں ولادتِ باسعادت حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ اس مناسبت سے جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل (JUIAKL) لداخ کے زیر اہتمام احاطہ حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل میں ایک عظیم الشان جشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں علما، دانشوروں اور کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔
اس پُروقار تقریب میں نائب صدر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل، حجت الاسلام والمسلمین شیخ غلام علی مفیدی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے اور صدارت کے فرائض بھی انجام دیے۔ اس موقع پر متعدد علما و معززین کی شرکت نے اہلِ کرگل کی رسولِ رحمت (ص) سے گہری وابستگی کو نمایاں کیا۔
تقریب کا آغاز ننھے قاری سید شہاب الدین موسوی کی تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا۔ اس کے بعد طلابِ حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل، جوادیہ پروجیکٹ کیئر، جعفریہ اکیڈمی آف ماڈرن ایجوکیشن کرگل کے طلبہ اور معروف نعت خواں حضرات نے اردو و بلتی زبانوں میں نعت و منقبت اور قصیدہ خوانی کے ذریعے محفل کو روح پرور بنایا۔ ان دلنشین کلاموں نے سامعین کو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ طیبہ اور مقامِ رفیع کی یاد تازہ کر دی۔
مقررین نے اپنے خطابات میں ولادتِ رسول اکرم (ص) اور امام جعفر صادق (ع) کی تاریخی و دینی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رسول خدا (ص) انسانیت کے لیے رحمت، عدل و انصاف اور ہدایت کے مینار ہیں، اور آپؐ کا پیغامِ محبت و وحدت آج بھی دنیا کے لیے سب سے روشن رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امام جعفر صادق علیہ السلام نے نہ صرف مذہبی رہبریت فراہم کی بلکہ علم و دانش کی وہ بنیادیں رکھیں جو آج بھی اسلامی تہذیب اور انسانی فکر کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ آپؑ نے عقل، استدلال اور اخلاقیات کو فروغ دے کر علوم کی نئی جہتیں متعارف کرائیں۔
اپنے صدارتی خطاب میں شیخ غلام علی مفیدی نے کہا کہ اسلام ایک کامل ضابطۂ حیات ہے جو امن و نجات کی راہ دکھاتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ: "ایک پُرامن اور ہم آہنگ دنیا کے لیے ضروری ہے کہ انسانیت سے محبت اور احترام کیا جائے، یہی اقدار رسول خدا (ص) نے اپنی ساری زندگی میں عملاً پیش کیں۔"
تقریب کا اختتام اجتماعی دعا پر ہوا جس میں امتِ مسلمہ اور پوری انسانیت کے لیے امن، اتحاد، ترقی اور خوشحالی کی دعائیں کی گئیں۔









آپ کا تبصرہ