حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خیر العمل آرگنائزیشن مقیم قم کے تحت ہفتۂ وحدت اور جشنِ صادقینؑ کی مناسبت سے ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام اور طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی آیت الله باقر مقدسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ربیع الاوّل کے مہینے میں متعدد اسلامی مناسبات ہیں؛ ان میں سے ایک اہم واقعہ، ہفتۂ وحدت ہے، جس کی بنیاد امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ نے انقلابِ اسلامی کی کامیابی سے پہلے رکھی اور انقلابِ اسلامی کی کامیابی کے بعد بانی انقلاب اور بت شکن امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ نے اس کو قومی دن قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے دانشوروں، مفکروں اور محققوں کو ہفتۂ وحدت کے ذریعے در حقیقت اسلامی نظام کو سمجھنے کی دعوت دی اور مسلمانوں کو آپس میں متحد رہنے کا پیغام دیا۔ ہفتہ وحدت، ایک بہت بڑا وسيع پیغام پر مشتمل موضوع ہے جو مختلف مذاہبِ اسلامی اور مختلف فرقوں کو آپس میں متحد کرسکتا ہے اس وقت ہفتۂ وحدت سیاسی، ثقافتی، علمی اور عالمی سطح پر بہت اہم موضوعات میں سے ایک ہے؛ اس کی روشنی کو پوری دنیا میں پھیلانے کی بہت ضرورت ہے۔
آیت الله باقر مقدسی نے نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ صفات جو کسی بھی نبی کو حاصل نہیں رہیں وہ صرف آپ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کو حاصل ہیں؛ ان میں سے ایک صفت آپ پر دورود پڑھنا اور آپ پر سلام بھیجنا ہے۔ قرآن میں الله تعالٰی نے فرمایا: الله اور اس کے فرشتے آپ پر دورود بھیجتے ہیں۔ اے صاحبان ایمان! تم بھی ان پر دورود و سلام بھیجو!
انہوں نے درود کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی حدیث ہے کہ اگر کسی کو کوئی مشکل کا سامنا ہو تو مجھ پر درود بھیجو تو مشکل حل ہو جائے گی۔ اپنے گناہوں کی مغفرت و بخشش کے لیے، رحمت الٰہی کے دروازے کھلوانے کے لیے مجھ پر درود بھیجو تو درود بھیجنے والے کے گناہ معاف ہوں گے اور رحمت کے دروازے کھلیں گے۔
آیت الله مقدسی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ انبیاء علیہم السّلام کی بعثت کا ہدف تعلیم اور تزکیہ ہے، کہا کہ طلباء اپنے علمی سفر میں کوتاہی نہ کریں اور انبیاء علیہم السّلام کے اہداف ومقاصد کو ملحوظِ خاطر رکھیں۔









آپ کا تبصرہ