حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان ضلع سکھر کی جانب سے باب الحوائج امام بارگاہ پنو عاقل میں سالانہ جشنِ میلاد صادقینؑ کا عظیم الشان انعقاد ہوا، جس میں تنظیم کے ذمہ داران سمیت مؤمنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے جشنِ صادقین علیہما السّلام اور ہفتۂ وحدت کے عنوان سے خطاب کیا۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضور سرورِ کائنات اور آلِ محمدؑ نے اپنے پاکیزہ کردار اور اعلیٰ اخلاق کے ذریعے دینِ اسلام کی تبلیغ کی۔ تلوار کے ذریعے کسی نظریے کو پھیلانا ممکن نہیں۔ اسی لیے ہندوستان پر نو سو سال تک حکومت کرنے والے مسلم حکمران ہندوؤں کو مسلمان نہ بنا سکے، لیکن سید الانبیاء نے صرف 23 سال کے قلیل عرصے میں عرب کی سرزمین کو اسلام کے نور سے منور کر دیا اور لوگ فوج در فوج دینِ اسلام میں داخل ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں حق و باطل کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ دنیا کے 44 ممالک کے غیرت مند، باشعور اور بہادر انسان غزہ کے محاصرے اور قحط کو توڑنے کے لیے فلسطین کی جانب بڑھ رہے ہیں اور اسرائیلی ظلم و بربریت کو للکار رہے ہیں۔ یہ عالمی بیداری فلسطین لبنان ایران اور یمن کے شہدائے راہِ حق کے پاکیزہ خون کا نتیجہ ہے، جو ہر گزرتے دن کے ساتھ اہلِ حق کی فتح کی نوید دے رہا ہے۔
ایم ڈبلیو ایم کے رہنما نے کہا کہ دنیا بھر کے شیعہ اور سنی مسلمان مل کر غاصب اسرائیل، امریکہ اور عالمی شیطانی قوتوں کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ اتحاد بین المسلمین قرآن و سنت کا پیغام ہے اور آج تحریکِ آزادیِ فلسطین کو ہم سب نے متحد ہو کر سپورٹ کرنا ہے۔ یہ قرآن، تورات، زبور اور تمام آسمانی کتابوں کا وعدہ ہے کہ فتح حق اور اہلِ حق کی ہوگی۔ اور مستضعفین کی عالمی حکومت قائم ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اہلِ حق اللہ کے وعدوں پر یقین رکھتے ہوئے وقت کے ظالم، جابر اور استکباری طاغوت کے خلاف سینہ سپر ہیں۔ فلسطین کے 60 ہزار شہداء اور لبنان و یمن کے مظلوم شہداء کا خون غاصب اسرائیل سے حساب لے گا اور انشاء اللہ عنقریب اسرائیل کو ذلت آمیز شکست ہو گی۔
تقریب میں معروف نعت خواں سید فرمان علی شاہ نے بارگاہِ سیدالانبیاء ﷺ اور امام جعفر صادق علیہ السلام کی خدمت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ نظامت کے فرائض اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان پنو عاقل کے سینئر رہنما سید ناصر حسین شاہ جہانیہ نے انجام دیے۔









آپ کا تبصرہ