حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جعفریہ سپریم کونسل مظفر آباد کشمیر کے چیئرمین سید زوار حسین نقوی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کے سینئر رہنماؤں پر غاصب اسرائیل کا حملہ، ایک مجرمانہ اور نہایت خطرناک اقدام ہے جو صرف قطر کی خودمختاری ہی نہیں، بلکہ پورے عالم اسلام کے وقار اور سلامتی پر حملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ غاصب اسرائیل کی یہ کھلی جارحیت امریکہ اور مغربی قوتوں کی ہم آہنگی کے بغیر ممکن نہیں اور یہ حقیقت ایک بار پھر عیاں ہو گئی ہے کہ صیہونیت مسلم ممالک کے بارے میں نیک ارادے نہیں رکھتی۔ مسلم دنیا کی سرزمینیں، قیادتیں اور ان کی سائنس و ٹیکنالوجی کے مراکز صیہونی عزائم کا مستقل نشانہ ہیں۔
سید زوار حسین نقوی ایڈووکیٹ نے کہا کہ عالمی اداروں کی مجرمانہ خاموشی صیہونی ریاست کو مزید قانون شکنی اور جارحیت پر آمادہ کر رہی ہے۔ اب امت مسلمہ کو بیدار ہو کر متحد ہونا ہوگا اور اپنی طاقت کو یکجا کر کے غاصب اسرائیل کو فیصلہ کن جواب دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ حملہ پوری امت کے لیے لمحۂ فکریہ ہے اور اگر اب بھی مسلمان متحد نہ ہوئے تو صیہونی عزائم ایک کے بعد دوسرے اسلامی ملک کو نشانہ بناتے رہیں گے۔
سید زوار حسین نقوی ایڈووکیٹ نے مظلوم فلسطینی عوام اور مزاحمتی قیادت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک کو فوری اور مشترکہ عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو بھی اپنی تاریخی اور نظریاتی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے امت مسلمہ کے دفاع میں عملی پیش قدمی کرنی چاہیے، تاکہ اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کو واضح اور سخت پیغام دیا جا سکے۔









آپ کا تبصرہ