حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستانی وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دوحہ میں اسرائیل کی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی اور خطرناک اشتعال انگیزی ہے۔
پاکستانی وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ میں پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے اور اپنی طرف سے دوحہ میں اسرائیلی افواج کی جانب سے غیر قانونی حملے اور خوف ناک بمباری، رہائشی علاقے کو نشانہ بنانے اور معصوم شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہماری ہمدردی اور یکجہتی امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی، قطری شاہی خاندان اور قطر کے عوام کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے جارحیت کا یہ عمل سراسر بلاجواز ہے، یہ حملہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی اور انتہائی خطرناک اشتعال انگیزی ہے، جس سے علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔









آپ کا تبصرہ