منگل 16 ستمبر 2025 - 14:21
پاکستان اور ایران کے مابین اقتصادی معاہدہ؛ 10 ارب ڈالر کا ہدف مقرر

حوزہ/ ایرانی وزیرِ صنعت و تجارت جناب محمد اتابک اور پاکستانی وزیرِ تجارت جام کمال خان کی حالیہ دنوں ملاقات میں اقتصادی تعلقات بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور پاکستان نے باہمی تجارتی تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے سالانہ 10 ارب ڈالر کی تجارت کا ہدف مقرر کیا ہے۔ یہ اعلان ایرانی وزیرِ صنعت، کان اور تجارت محمد اتابک نے پاکستانی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے ملاقات کے دوران کیا۔

محمد اتابک نے کہا کہ ایران اور پاکستان اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ دونوں ممالک کے انسانی و معاشی وسائل کے پیش نظر یہ ہدف حاصل کرنا ممکن ہے۔

انہوں نے پاکستان کی جانب سے جون میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تہران اور اسلام آباد کے تاریخی و برادرانہ تعلقات ہمیشہ خوش گوار اور ہمسائیگی کی پالیسی پر مثبت اثر ڈالتے ہیں۔

ایرانی وزیر نے حالیہ سیلاب کے باعث پاکستان میں جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران مشکل وقت میں اپنے ہمسایہ ممالک کی مدد کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک کے مرکزی بینکوں کی سرمایہ کاری سے مشترکہ ایران-پاکستان کمپنی کے قیام پر بھی بات چیت جاری ہے، جو دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

پاکستانی وفد وزیر تجارت کی قیادت میں تہران میں ایران-پاکستان مشترکہ تعاون کمیشن کے اجلاس میں شرکت کے لیے موجود ہے، جہاں ضروری اشیاء کے معاہدے سمیت کئی اقتصادی منصوبوں پر غور کیا جائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha