اتوار 7 ستمبر 2025 - 23:43
علمائے کرام حضور اکرم (ص) کی سیرت کی روشنی میں امت واحدہ کے قرآنی تصور کو عملی طور پر اجاگر کریں

حوزہ / علامہ عارف حسین واحدی نے کہا: سوشل میڈیا کے منفی استعمال سے ملک میں فرقہ وارانہ اور علاقائی و لسانی انارکی پھیل رہی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر اور قومی رحمۃ للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے ممبر علامہ عارف حسین واحدی نے حضرت سید المرسلین ورحمۃ للعالمین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت با سعادت کے پندرہ سو سالہ جشن کی مناسبت سے وزارت مذہبی امور کی طرف سے جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منعقدہ "پچاسویں بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس" میں شرکت کی اور خطاب کیا۔

انہوں نے اپنی گفتگو کے دوران وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی طرف سے کامیاب سیرت کانفرنس کرانے کے علاوہ نیشنل علماء و مشائخ کونسل کی تشکیل کے ذریعہ بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔

علامہ عارف واحدی نے موجودہ دور میں سیرت طیبہ کی روشنی میں سوشل میڈیا کے مثبت اور منفی پہلوؤں پر گفتگو کی۔

انہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں بے حیائی اور فیک نیوز، مذھبی، علاقائی، لسانی اور صوبائی تعصبات پھیلانے اور فرقہ واریت و تکفیر جیسی شرپسندی کو ہوا دینے کو ملکی استحکام کے لئے سخت نقصان دہ قرار دیا اور علمائے کرام پر زور دیا کہ وحدت امت کے قرآنی تصور کو عملی طور پر اجاگر کرنے اور ملک میں امن و امان قائم کرنے کے لئے وہ سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کے لئے محراب و منبر سے آواز بلند کریں۔

علامہ عارف واحدی نے مزید کہا: پیغام پاکستان بیانیہ کی سوشل میڈیا پر بھرپور تشہیر کی جائے۔ ایک ہماری تجویز ہے کہ مختلف مسالک کے علمائے کرام سوشل میڈیا پر مشترکہ چینلز، اکاؤنٹس اور گروپس بنائیں اور مل کر ملکی استحکام اور اتحاد امت کے لئے فعال کردار ادا کریں۔ علاوہ ازیں غزہ اور دیگر مظلوموں کے حق میں بھرپور آواز بلند کی جائے۔

انہوں نے حاضرین سے تائید لے کر اعلان کیا کہ صیہونی ریاست بربریت اور سفاکیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نسل کشی اور درندگی کی مرتکب ہو رہی ہے۔ ہم سب ہاتھوں میں ہاتھ دے کر اس ناجائز ریاست اور اس کے سرپرستوں تک پیغام پہنچائیں کہ ہم سب مل کر اس دہشتگرد ریاست کے مقابلے میں فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

قومی رحمۃ للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے ممبر نے کہا: صیہونی ریاست سے کوئی اسلامی ملک محفوظ نہیں۔ ایران اور یمن کے خلاف صیہونی حملوں کے مقابلے میں پوری امت متحد ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha