حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رکن اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان و چیئرمین سچ ٹی وی سید افتخار حسین نقوی سے سچ ٹی وی کے ہیڈ آفس میں قومی رحمتُ اللعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے چیئرمین خورشید احمد ندیم، ڈی جی ظفر محمود ملک اور ڈائریکٹر سہیل بن عزیز نے ملاقات کی۔
اس موقع پر قومی رحمتُ اللعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی اور سچ ٹی وی کے درمیان ایم او یو معاہدہ طے پایا جس کے تحت ماہ ربیع الاول میں دونوں ادارے مل کر رسولِ اکرم ﷺ کی بعثت کے پندرہ سو سال مکمل ہونے پر وحدتِ امت کے فروغ کے لیے مشترکہ پروگرامز اور تقاریر کا انعقاد کریں گے۔
معاہدے پر ایم او یو پر مینیجنگ ڈائریکٹر سچ ٹی وی سید علی عمار اور چیئرمین سچ ٹی وی و رکن اسلامی نظریاتی کونسل سید افتخار حسین نقوی اور چیئرمین اتھارٹی خورشید احمد ندیم نے دستخط کیے۔
اس موقع پر چیئرمین و ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ سید افتخار حسین نقوی نے کہا رسول اقدس ﷺ کی آمد کو پندرہ سو سال ہو چکے ہیں، آپؐ پوری کائنات کے لیے رحمت ہیں۔ ہمارا مقصد معاشرتی اصلاح اور وحدتِ امت کے لیے مثبت صحافت کرنا ہے۔
قومی رحمتُ اللعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے چیئرمین خورشید احمد ندیم کا کہنا تھا یہ خوشی اور مسرت کا موقع ہے کہ دو ادارے وحدتِ امت اور رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات کے پیغام کو دنیا بھر تک پہنچانے کے لیے ایک ساتھ آئے ہیں۔ مکالمہ اور یکجہتی ہی امت کی اصل طاقت ہے۔
یاد رہے کہ معاہدے کے تحت سچ ٹی وی اور قومی رحمتُ اللعالمین اتھارٹی مختلف پروگرامز کا انعقاد کریں گے، جن میں قومی سیرت کانفرنس، سیرت کتب میلہ، مشاعرے اور مکالمہ جات شامل ہوں گے، تاکہ حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات، وحدت، محبت اور خیر خواہی کا پیغام قومی اور عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔
تقریب کی میزبانی کنٹرولر نیوز سچ ٹی وی حنیف قمر نے کی اور وفد کو سچ ٹی وی کے مختلف شعبہ جات کا وزٹ کروایا۔









آپ کا تبصرہ