حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان نے اپنے ایک پیغام میں کوئٹہ، بنوں ، لکی مروت واقعات میں سیاسی کارکنوں اور سیکورٹی اہلکاروں کی شہادتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے سردار اختر جان مینگل اور ان کی جماعت سے بھی اظہار تعزیت کیا۔
علامہ ساجد نقوی نے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام موثر اقدامات انجام دئے جائیں۔
قابل ذکر ہے کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر شاہوانی اسٹیڈیم کے باہر خودکش حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی ہے جبکہ 40 افراد زخمی ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ دھماکا منگل کو اس وقت ہوا تھا جب بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر مینگل اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما محمود خان اچکزئی سردار عطاء اللہ مینگل کی چوتھی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شریک تھے۔
حالیہ برسوں میں بلوچستان میں عسکریت پسند گروہوں جیسا کہ بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور دیگر مذہبی شدت پسند تنظیموں کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جنہوں نے سیاسی رہنماوٴں سمیت سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا ہے۔









آپ کا تبصرہ