۹ فروردین ۱۴۰۳ |۱۸ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 28, 2024
عارف حسین واحدی

حوزہ / مرکزی نائب صدر شیعہ علماءکونسل نے کہا: عزاداری کے خلاف کسی قسم کی رکاوٹ یا محدودیت قبول نہیں کریں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی نائب صدر شیعہ علماء کونسل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا: عزاداری کے خلاف کسی قسم کی رکاوٹ یا محدودیت قبول نہیں کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی کی سربراہی میں اعلیٰ سطی وفد جس میں سیکرٹری مرکزی محرم الحرام کمیٹی شیعہ علماءکونسل پاکستان سید سکندر عباس گیلانی ایڈووکیٹ، علامہ فرحت عباس جوادی ،مولانا سید رضوان علی گردیزی ، مولا نا سید ضیغم عباس نقوی ، مولانا رضا محمد خان ، سید فرید حسین شاہ ممبر صوبائی محرم الحرام کمیٹی ،سید نیئر عباس نقوی تحصیل آرگنائزرشیعہ علماءکونسل راولپنڈی، سید محمود نقوی و دیگر عہدیداران و کارکنان نے مرکزی جلوس علم و ذولجناح ،تعزیہ راولپنڈی میں شرکت کی ۔

علامہ عارف حسین واحدی نے کمیٹی چوک پر موجود میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: عزاداری امن ، محبت واتحاد کا درس دیتی ہے۔عزاداری کے خلاف کسی قسم کی رکاوٹ یا محدودیت قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا: آئین کے مطابق عزاداری سید الشہداءعلیہ السلام شہری آزادی کا مسئلہ ہے ۔ پاکستان کے آئین کے مطابق تمام مکاتب فکر کو اپنے اپنے عقائد کے مطابق شہری آزادیوں سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی عبادات اور رسومات اداکرنے کی مکمل آزادی ہے۔

انہوں نے مزید کہا: پاکستان میں تمام مکاتب فکر نواسہ رسول (ص)کا غم منا رہے ہیں اس لئے کہ نواسہ رسول اُمت میں نکتہ وحدت ہیں ، امام حسین ؑ محور محبت ہیں ،امام حسین معیار ہیں اس امن بھائی چارہ ،سلامتی اور اتحاد اُمت کااس کے درمیان محور اور معیار ہیں۔ نواسہ رسول ہیں امام حسین نے اپنی اور بچوں و اصحاب کی قربانی دیکر اسلا م کو بچایا لیکن حسب روایت محرم سے پہلے علماءکرام ، خطباحضرات ، ذاکرین عظام پر پابندی لگانا ، عزاداری کو محدود کرنے کی کوشش ہے اور سیکورٹی کے نام پر عزاداروںو منتظمین کو بے جا تنگ کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات درست نہیں۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب نے کہا: ہم نے اس ملک میں اتحاد و وحدت کی بات کی اور علامہ سید ساجد علی نقوی کا ملک میں امن کو قائم رکھنے میں ایک کردار ہے جسے تمام مسالک کے جید علماءکرام تسلیم کرتے ہیں۔ کسی بھی مکتب کی توہین کی اجازت نہیں دینگے۔

علامہ عارف واحدی نے کہا: اسرائیل کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں پر حملوں اور بھارت کی جانب مظلوم کشمیریوں پر ظلم و ستم اور سری نگرمیں ایام محرم شرکاءجلوس پر تشدد کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کو اسرائیل اور بھارت پر دباؤ بڑھانا چاہیے اور عالم اسلام کو بھی مظلوم مسلمانوں پر تشدد رکوانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے چاہیے ۔

آخر میں علامہ عارف واحدی نے بانیان مجالس و جلوس ، ماتمی سنگتوں ، عزاداروں اور سنی بھائیوں کی جانب سے راستوں میں سبیلیں لگانے اورپر امن ماحول برقرار رکھنے والے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، انتظامیہ و قانون نافذ کرنےوالے اداروں سمیت میڈیا کوریج کرنے والے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے تمام ورکرزکے مثبت کردارپر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .