حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے گلگت میں شرپسند عناصر کی فائرنگ اور دہشتگردی کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا: یکم محرم کو اس طرح کی شرپسندی محرم کے امن کو تہہ و بالا کرنے کی سازش ہے۔ مقامی انتظامیہ اس کی مکمل انکوائری کرائے اور ذمہ دار عناصر کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے نائب صدر نے کہا: ہم اس افسوسناک واقعہ کے شہداء کرام کے درجات کے بلندی اور پسماندگان کے لئے دعاگو ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کے ساتھ حکام کو تاکید کرتے ہیں کہ ان کے علاج کی طرف پوری توجہ دی جائے۔
علامہ عارف حسین واحدی نے مقامی شیعہ سنی عوام سے امن برقرار رکھنے اور اتحاد و وحدت قائم کرنے کے لئے کردار ادا کرنے کی اپیل کی اور کہا: تمام مسالک کے لوگ بھائی بھائی ہیں۔ محرم کا مہینہ ہے سب مسلمان اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور شرپسند عناصر کو علاقے کا امن و امان تباہ کرنے کا موقع نہ دی۔