۱۶ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۶ شوال ۱۴۴۵ | May 5, 2024
علامہ شبیر میثمی

حوزہ/ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے اور اہل اسلام کا اس بنیادی اصول پر جمع ہونا اور ایک مسلمان کے ہاتھوں کسی دوسرے مسلمان کو تکلیف نہ پہنچنا درحقیقت دینِ اسلام کا درس ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بین المذاہب امن کمیٹی کے صوبائی سربراہ حضرت صاحبزادہ شعیب رضا قادری نے مختلف مکاتب فکر کے علماء و زعماء کے ہمراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی وفد کا جلسہ گاہ پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا اور فروغ امن سیمینار کے صدر نشین کے طور شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی تھے، جبکہ مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ مہمان خصوصی تھے۔

تفصیلات کے مطابق، اس موقع پر اہلسنت و اہل تشیع کے مقامی علماء و زعماء نے خطاب کرتے ہوئے خوشاب کے امن کو مثالی قرار دیا اور اتحاد بین المسلمین و اتحاد بین المذاہب کو وطن عزیز پاکستان کے لئے اہم قرار دیا۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے سمینار سے خطاب کرتے ہوئے خوشاب میں امن کے مثالی نمونے کو سراہا اور مقامی علماء و زعماء کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے اور اہل اسلام کا اس بنیادی اصول پر جمع ہونا اور ایک مسلمان کے ہاتھوں کسی دوسرے مسلمان کو تکلیف نہ پہنچنا درحقیقت دینِ اسلام کا درس ہے۔

علامہ شبیر میثمی نے خوشاب کی عوام کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ خوشاب کی عوام دین کے ذریں اصولوں کا مظہر بن کر پورے ملک کو امن، اخوت و بھائی چارے کا پیغام دے رہی ہے جو یقیناً کسی عبادت سے کم نہیں، مزید کہا کہ اہل اسلام میں نفاق کی کوششیں دراصل وطن عزیز پاکستان کے امن کو ثبوتاز کرنے کے مترادف ہے لیکن پاکستان کی شیعہ سنی عوام نے قربانیاں دے کر ثابت کیا ہے کہ وہ مملکت خدا داد پاکستان کی بقاء و ترقی کی خاطر یکجا ہو کر دشمن اسلام و پاکستان کے ارادے خاک میں ملا دیں گے۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے نصاب کے معاملے پر تمام مسلمانوں کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ قومی نصاب میں مشترکات کے بجائے اختلافات پیدا کرنے کی ناپاک کوشش کی گئی ہے، اس حوالے سے بھی مسلمان یکجا ہو کر اس مذموم کوشش کو ناکام بنائیں اور اتحاد و وحدت کی فضاء کو مقدور ہونے سے بجائیں۔

انہوں نے آخر میں تمام مکاتب فکر کے ساتھ متحد ہو کر امن، اخوت و بھائی چارے کے پیغام کو پنجاب اور ملک کے دیگر علاقوں تک پھیلانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .