۲۱ آذر ۱۴۰۳ |۹ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 11, 2024
علامہ عارف حسین واحدی

حوزہ / شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے قائد ملت جعفریہ پاکستان کی طرف سے ایران کے سفارتخانے کا دورہ کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے قائد ملت جعفریہ علامہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی طرف سے ایران کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور کرمان میں دہشتگردی پر تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے اور قائد ملت جعفریہ کی طرف سے تعزیتی کلمات بھی لکھے۔

دنیا کی کوئی طاقت پاکستان و ایران کے درمیان بھائی چارے اور اخوت کی فضا کو کمزور نہیں کر سکتی

انہوں نے جمہوری اسلامی ایران کے سفیر محترم جناب رضا امیری مقدم سے ملاقات کر کے قائد محترم کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔ شہدا گرامی کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد شفایابی کے لئے دعا کرائی۔ سفیر محترم نے قائد محترم علامہ ساجد علی نقوی اور علامہ عارف حسین واحدی کا ایرانی عوام سے اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔

علامہ عارف حسین واحدی نے ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ایران پاکستان کا ہمسایہ، برادر اور دوست ملک ہے۔ ہماری دوستی کی ایک طویل تاریخ ہے۔ ہماری ثقافت اور اقدار مشترک ہیں۔ دونوں ملکوں کے عوام میں محبت و اخوت کے گہرے رشتے موجود ہیں۔ دنیا کی کوئی طاقت اس بھائی چارے اور اخوت کی فضا کو کمزور نہیں کر سکتی۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے مزید کہا: ہر مشکل وقت میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوتے ہیں۔ ہم کرمان میں دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ دونوں برادر ملک اور ان کے عوام دہشتگردی سے شدید متاثر ہیں۔

انہوں نے کہا: دونوں ملکوں کے ذمہ داران کو ہمارا پیغام اور ہماری توقع ہے کہ آپس میں ایک نیٹورک قائم کر کے دہشتگردی کا مؤثر مقابلہ اور سدباب کیا جائے۔ عالمی سامراجی قوتیں کبھی نہیں چاہیں گی کہ پاکستان اور ایران میں امن و استحکام قائم رہے مگر ہمیں اپنی عوام اور ملکی مفادات ہر چیز سے زیادہ مقدم رکھنا ہوں گے۔

دنیا کی کوئی طاقت پاکستان و ایران کے درمیان بھائی چارے اور اخوت کی فضا کو کمزور نہیں کر سکتی

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .