حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے باجوڑ میں منعقدہ ورکرز کنونشن میں ہوئے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا: دہشتگردی کا دوبارہ سر اٹھانا انتہائی تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا: صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشتگردی کی روک تھام کے لئے مؤثر اقدامات اٹھائیں۔
علامہ عارف واحدی نے کہا: دہشتگرد اسلام اور ملکی استحکام کے دشمن ہیں۔ اس دھماکے اور دیگر دہشتگردی کے واقعات کے عوامل اور ماسٹر مائنڈز کو پکڑا جائے اور ان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا: جب بھی ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے حوالے سے اقدامات کئے جاتے ہیں تو دہشتگرد فعال ہو جاتے ہیں اور ملکی سالیت اور امن و امان کو خطرے سے دوچار کرتے ہیں۔ یہ ملک کے خلاف بڑی سازش ہے اس سازش کو نقش بر آب کرنے کے لئے ہمیں مِن حیثُ القوم ایک ہونا ہو گا۔
شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے کہا: ہمیں ہر سازش کے مقابلے میں اپنی صفوں میں اتحاد و وحدت قائم کرنا ہو گا اور ملک میں انتشار اور افتراق پھیلانے والے شدت پسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہو گا۔
علامہ عارف حسین واحدی نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ، تنظیمی رہنماؤں، کارکنوں اور حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت بھی پیش کی اور ان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔