۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ احمد اقبال رضوی

حوزہ / وائس چیئرمین ایم ڈبلیوایم نے کہا: پاکستان کے شہر کوئٹہ میں 24گھنٹوں میں 3 شیعہ پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنے بیان میں کوئٹہ میں چوبیس گھنٹوں کے دوران تین شیعہ پولیس اہلکاروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: مشکل کی اس گھڑی میں ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وائس چیئرمین ایم ڈبلیوایم نے کہا: پارہ چنار کے اساتذہ اور ہزارہ قبیلے کے پولیس اہلکاروں کو سکیورٹی خدشات کے باوجود تھریٹس والے علاقوں میں بھیجنا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ موجودہ حکومت بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا: ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیوں کو روکنے کے لیے ٹھوس اور نتیجہ خیز کاروائی ہی دہشتگردی کے اس ناسور سے نجات کا واحد حل ہے۔ دونوں صوبوں میں دہشت گردی کے واقعات روز بروز بڑھ رہے ہیں، دہشتگردوں کا ان کے سرپرستوں اور ٹھکانوں سمیت خاتمہ ملکی سالمیت کے لیے ناگزیر ہے۔

قابل ذکر ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران ڈیوٹی پر مامور دو ہزارہ برادری کے پولیس اہلکار سید مہدی اور شوکت حسین کو شہید کر دیا گیا اور دوسری کاروائی اسپینی روڈ پر ہوئی۔ جس میں پولیس اہلکار محمد جواد کو فائرنگ کرکے شہید کیا گیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .