حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں شاہراہ خاش -تفتان پر دہشت گردوں کے حملے میں چار پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان میں خاش -تفتان شاہراہ پر تکفیری دہشت گردوں نے پولیس کے گشتی یونٹ پر گھات لگا کر حملہ کیا۔ دہشت گردوں کے اس حملے میں 3 پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے، جب کہ ایک اور پولیس اہلکار ہسپتال میں دوران علاج شہید ہو گیا، پولیس کے اعلیٰ افسران جائے وقوعہ پر محاصرہ کئے ہوئے ہیں، اس کے ساتھ ہی اعلان کیا گیا ہے کہ جلد ہی دہشت گردی کے اس واقعے کو انجام دینے والوں کو ان کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
دریں اثناء سیکورٹی فورسز نے صوبہ سیستان بلوچستان میں ایک دہشت گرد گروہ کا پردہ فاش کیا اور اس کے چار دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا، سپاه پاسداران انقلاب اسلامی کی زمینی افواج کی قدس شاخ نے تصدیق کی ہے کہ ایک انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران، سپاه پاسداران انقلاب اسلامی کے دستوں نے ایک دہشت گرد نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا اور چار دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا، گرفتار دہشت گردوں کے بارے میں تفصیلی معلومات بعد میں جاری کی جائیں گی۔