جمعرات 28 اگست 2025 - 00:19
ایرانشہر، سراوان اور خاش میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، 8 دہشت گرد ہلاک

حوزہ/ ایران کے جنوب مشرقی علاقوں ایرانشہر، سراوان اور خاش میں ایرانی سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے، جس میں 8 دہشت گرد مارے گئے، کئی گرفتار ہوئے اور ایک مغوی شہری کو بازیاب کرا لیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے جنوب مشرقی علاقوں ایرانشہر، سراوان اور خاش میں ایرانی سیکیورٹی فورسز نے بدھ27 اگست 2025 کی صبح مشترکہ اور منظم آپریشن کیے جن کے نتیجے میں شدت پسند گروہوں کے 8 دہشت گرد ہلاک اور متعدد گرفتار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق کارروائیاں ایرانشہر کے "چاه جمال"، سراوان کے "هوشک" اور خاش کے مضافات میں بیک وقت شروع کی گئیں اور کئی گھنٹوں تک جاری رہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے ان کے کئی ٹھکانے تباہ کر دیے۔ آپریشن میں بھاری ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ جدید ڈرونز کا بھی استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ مقامی ذرائع کے مطابق علاقے میں کئی دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں گونجتی رہیں اور دہشت گردوں کے مراکز سے دھواں اٹھتا رہا۔

قدس ہیڈکوارٹر کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ فراجا اور سپاہ پاسداران کے جوانوں نے امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ کے گمنام سپاہیوں اور دیگر انٹیلیجنس اداروں کے تعاون سے یہ آپریشن انجام دیا۔ ایرانشہر میں مارے جانے والے آٹھ دہشت گرد وہی عناصر تھے جو حال ہی میں پاسگاه دامن کے اہلکاروں کی شہادت میں ملوث تھے۔

آپریشن کے دوران ایک مغوی شہری کو بھی بازیاب کرایا گیا جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور وہ سازوسامان برآمد ہوا جو شہید اہلکاروں سے چھینا گیا تھا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف یہ کارروائیاں عوام کے جان و مال کے تحفظ اور خطے کے امن و استحکام کے لیے جاری رہیں گی اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha