حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی، سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری اور نائب صدر علامہ سیدمرید حسین نقوی نے پاکستان کے لکی مروت اور باجوڑ علاقہ میں ہونے والی دہشت گردی کے دو الگ الگ واقعات میں سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی مغفرت کی دعا کی ہے۔
تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کا پھر سے سامنا ہے۔ دہشت گردی کے واقعات میں فوج، پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کے ساتھ عوام نے بھی بڑی قربانیاں دی ہیں۔ملک و قوم کی حفاظت کے لئے متعین سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ قابل مذمت ہے۔ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دو دہائیوں سے بیرونی طاقتوں کی وجہ سے مسلح دہشت گردی کا شکار چلا آ رہا ہے جس کی بھاری قیمت پاکستانی قوم ادا کر چکی ہے۔کالعدم تکفیری دہشت گرد تنظیموں کو نکالے بغیر پاکستان میں امن ممکن نہیں۔
آیت اللہ حافظ ریاض نے دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افسوس 2016ء میں آرمی پبلک سکول میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد تشکیل پانے والے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں کیا جاسکا۔ دہشت گرد دندناتے پھرتے ہیں اور شریف شہریوں کو فورتھ شیڈول کے نام پر پابندیوں میں جکڑ دیا جاتا ہے۔