حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی، سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری اور نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی نے دارالعلوم کراچی کے مہتمم اعلی مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان سانحۂ ارتحال کو دینی علمی حلقوں کے لیے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔
حافظ ریاض نجفی نے مرحوم و مغفور کے بھائی صدر وفاق المدارس العربیہ مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کے نام تعزیتی خط میں کہا کہ مرحوم رفیع عثمانی کی علوم دینیہ کی ترویج اور طلاب کی تربیت میں کردار قابل تحسین رہا ہے۔ وفاق المدارس الشیعہ کی طرف سے مرحوم کے اہل خانہ، وفاق المدارس العربیہ کے عہدیداران اور دارالعلوم کراچی کے ذمہ داران کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔
رئیس وفاق المدارس الشیعہ نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان میں جتنے بھی مشکل حالات رہے ہیں، فرقہ واریت کے سدباب کے لئے مرحوم محمد رفیع عثمانی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔