۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

حوزہ/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر نے خطبہ جمعہ میں کہا کہ افسوس ہم قرآن بھی صرف پڑھنے کی حد تک محدود ہوگئے ہیں، ترجمہ اور تفسیر نہیں پڑھتے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ رسول اللہ وفات سے پہلے امت مسلمہ کو قرآن اور اپنی عترت اہل بیت کے حوالے کر کے گئے ۔ قرآن مجید قانون ہے جو استاد کے بغیر سیکھا نہیں جا سکتا ۔قرآن کے مفسر اور مبصر سرور کائنات اوران کی آل ہیں قرآن اور سیرت کی پیروی کی جائے تو ہم کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم مسلمان توکہلا تے ہیں مگر قرآن سے دور ہیں۔ مختلف علوم حاصل کرنے کے لئے اربوں کھربوں کا بجٹ یونیورسٹیوں پر لگادیا جاتا ہے۔مگر علوم قرآن سیکھنے کے لیے ہم کچھ بھی خرچ نہیں کرتے ۔ہم قرآن بھی صرف پڑھنے کی حد تک محدود ہوگئے ہیں ۔ ترجمہ اور تفسیر نہیں پڑھتے ۔انسان کو چاہیے کہ اگر ایک آیت بھی روزانہ پڑھیں توقرآن مجید سے اس کا ترجمہ اور تفسیر دیکھ لیں کہ اللہ تعالیٰ اپنے کلام میں انسان سے کیا کہتا ہے اور ہمارے لئے اس میں کیا ہدایت ہے اور یہی انسان کے لئے کامیابی ہے ۔

علی مسجد جامعة المنتظر میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالی کی نعمت ہے،وطن عزیز 14 اگست 1947ءمیں 27 رمضان المبارک کوتشکیل پایا جو کہ رمضان المبارک کی آخری طاق راتوں میں سے ہے اور مسلک اہل سنت کے نزدیک شب قدر ہے ۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہماری تہذیب و تمدن بھی اسلامی نہیں ہے۔ ہم اغیار کی پیروی کر رہے ہیں ۔زبان طور اطوار رہن سہن ہمارا کچھ بھی اسلامی نہیں ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .