حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ ہم مسلمانوں کے لیے باعث قابل فخر بات ہے کہ ہمارے نبی خاتم الانبیاءاور سیدالمرسلین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کائنات کی معززترین شخصیت ہیں مگر افسوس رحلت پیغمبر کے بعدہمارا راستہ تبدیل ہوگیا اور مسلمان تقسیم ہوگئے۔
انہوں نے کہا اسلام آخری دین ہے جس کا پہلا درس اقراءیعنی علم ہے، تا کہ انسان آسمانوں اور زمینوں کا تصرف کر سکے۔ قرآن آخری کلام الٰہی ہے جس میں ہر خشک و تر کا ذکر ہے ۔حیرت ہے کہ ہم چوبیس گھنٹوں میں سے پانچ منٹ بھی قرآن کو نہیں دیتے ۔قرآن مجید 23 سال میں نازل ہوا۔ اس میں صرف 6 فیصد آیات مشکل ہیں ،باقی پورا قرآن آسان ہے۔ مشکل آیات کریمہ کو سمجھنے کے لئے، عترت اہل بیتؑ کی شکل میں استاد موجود ہیں۔
جامع علی مسجد جامعہ المنتظر ماڈل ٹاون میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے مسلمانوں کے لیے قرآن اور اہل بیت رسول ،رہبر اور قائدہیں۔
انہوں نے کہا چند دنوں کے لئے وحی الٰہی کا سلسلہ منقطع ہوا تو باتیں بنائی گئیں کہ وحی لانے والا فرشتہ روٹھ گیا ہے ،لیکن جب وحی دوبارہ آئی تو اللہ تعالی ٰنے رسول خدا سے فرمایا !تیرا پروردگار تجھے تنہا نہیں چھوڑے گا، اور اتنا عطا کرے گا کہ تو راضی ہوجائے گا۔