حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ کل مدرسۂ المصطفی خاتم النبیین (ص) جیکب آباد میں مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کا اہم اجلاس زیر صدارت صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی منعقد ہوا جس میں مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے خصوصی شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق، اجلاس میں صوبۂ میں تنظیم سازی کی صورتحال اور سیلاب متاثرہ علاقوں کے حالات و تعمیر نو کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ یونٹ کسی بھی جماعت کی فعالیت کی بنیادی اکائی ہے یونٹس کی فعالیت ہمارے اہداف میں سرفہرست ہے، جبکہ ملک بھر میں عنقریب ممبر سازی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ و آفت زدہ اضلاع میں بازسازی وگھروں کی تعمیرنو ضروری ہے منہدم مکانات کی تعمیر کے سلسلے میں حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان متاثرین سیلاب کی حسب توفیق امداد کو اپنا قومی و انسانی فرض سمجھتی ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اجلاس میں بیت علی علیہ السلام کے عنوان سے بلوچستان میں مکانات کی تعمیر پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ سردیاں شروع ہوگئی ہیں متاثرین کا کھلے آسمان تلے سخت سردیوں کے موسم میں چھوٹے بچوں کے ساتھ زندگی گزارنا نہایت مشکل ہے متاثرہ اضلاع میں گھروں کی تعمیراتی کام جتنا جلدی ہوسکے شروع کیا جائے اور متاثرہ اضلاع میں مساجد و امام بارگاہیں بھی منہدم ہوچکی ہیں ان کی تعمیر نو بھی نہایت ضروری ہے۔
اجلاس میں متاثرہ اضلاع کے صدور و صوبائی کابینہ کے عہدیداران، نائب صدر علامہ سہیل اکبر شیرازی، صوبائی سیکرٹری تنظیم سید حسن ظفر، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری برادر غلام حسین جعفری، صوبائی سیکرٹری تبلیغات مولانا عبد الحق جمالی، صوبائی سیکرٹری روابط سید گلزار شاہ بخاری، صوبائی ترجمان سید شبیر علی شاہ دوپاسی اور صوبائی سیکرٹری عزاداری برادر محمد نواز مؤلائی نے شرکت کی۔
آپ کا تبصرہ