حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کی خصوصی ہدایت و سرپرستی میں اور زہرا (س) اکیڈمی، کراچی کے زیر اہتمام، شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع قمبر شہدادکوٹ صوبہ سندھ کے زیر انتظام سیلاب متاثرہ علاقوں میں متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔ اسی سلسلے میں متاثرین کیلئے اشیائے خورد و نوش، تبرک، خیمہ جات، ترپال (سائبان)، مچھر دانیاں، میڈیکل کیمپس کا قیام، فراہمی آب سمیت دیگر امور میں فعالیت انجام پذیر ہورہی ہیں۔
حالیہ سیلاب میں درپیش مشکلات میں سے سب سے اہم مشکل، علاج معالجے کی سہولیات کی عدم دستیابی ہے، جبکہ سیلاب کے نتیجے میں مختلف نوع کی بیماریوں کا بروقت علاج نہ ہونے کے سبب بہت سی اموات بھی واقع ہوچکی ہیں۔
انہی مشکلات کے پیش نظر تحصیل سجاول جونیجو، ضلع قمبر شہدادکوٹ کے 10 سیلاب متاثرہ علاقوں میں موبائل میڈیکل کیمپس قائم کئے جا چکے ہیں جس میں 3,355 مریضوں کا فی سبیل اللہ معائنہ کیا گیا اور بعدازاں انہیں ادویات بھی فراہم کی گئیں۔
یاد رہے کہ کیمپس علاقے کی مرکزی جگہ پر قائم ہوتا ہے جس میں اطراف کے 5 سے 6 دیہات شرکت کرتے ہیں، اور ان کیمپس کے قائم کرنے کا بنیادی مقصد کسی بڑی بیماری کا علاج نہیں، بلکہ معمولی دکھائی دی جانے والی بیماری، جب علاج سے محروم رہے تو خطرناک صورتحال اختیار کرلیتی ہے اور بالآخر مریض شدید مشکلات سے دوچار ہوتا ہے۔
محترم رضاکاروں نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس کے قیام کیلئے دور دراز کا سفر طے کیا اور بعض علاقے ایسے بھی تھے جہاں اب تک شگاف ہیں اور راستوں میں پانی موجود ہے اس کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور مشکل سے مشکل علاقوں تک پہنچے اور متاثرین کے غموں کا مداوا کرنے کی حتی المقدور کوشش کی۔
اس موقع پر رضاکاروں نے نمائندہ ولی امر مسلمین و قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کا سلام اور پیغام بھی پہنچایا اور وہاں کے متاثرین، عمائدین قوم، زعماء، علماءکرام اور دیگر شعبہ ہائے زندگی کے افراد کے سامنے یہ واضح کیا کہ ہم قائد محترم کی ہدایت پر آپ کی خدمت میں حاضر ہوئے ہیں اور تمام مسالک و مکاتب سے بالاتر ہوکر متاثرین کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے، اور ہم اسی راہ پر گامزن ہیں اور سرگرم عمل ہیں۔
الحمدللہ، سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں اب تک 350 سے زائد مقامات پر موبائل میڈیکل کیمپس قائم کئے جا چکے ہیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔
تفصیلات، گاوں کا نام اور مریضوں کی تعداد:
1۔ کوٹ لال بخش مھیسر (312)
2۔ سجاول جونیجو سٹی (350)
3۔ حیدر چانڈیو (430)
4۔ لال چند جی وانڈ (302)
5۔ محمد آچر ڈانوچ (440)
6۔ حسن بھٹی (290)
7۔ محمد عمر جتوئی(316)
8۔ رانجھن جانوری(260)
9۔ ماٹو خان جتوئی(290)
10۔جمال خان لغاری (365)
رب کریم کی بارگاہ میں دعاگو ہیں کہ بحق معصومین علیہم السلام، قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کو صحت و سلامتی عطا فرمائے اور زہرا (س) اکیڈمی کے اراکین، معاونین اور رضاکاروں کی توفیقات خیر میں اضافہ فرمائے آمین یارب العالمین۔