۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
تحصیل کے این شاہ، سندھ کے سیلاب متاثرین کو خیموں کی فراہمی

حوزہ / قائد ملت جعفریہ پاکستان کی خصوصی ہدایت و سرپرستی میں اور زہرا (س) اکیڈمی کراچی کے زیر اہتمام اور شیعہ علماء کونسل پاکستان تحصیل کے این شاہ ضلع دادو صوبہ سندھ کے زیر انتظام تحصیل کے این شاہ کے سیلاب سے متاثرہ افراد میں خیمے تقسیم کئے گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کی خصوصی ہدایت و سرپرستی میں اور زہرا (س) اکیڈمی کراچی کے زیر اہتمام اور شیعہ علماء کونسل پاکستان تحصیل کے این شاہ ضلع دادو صوبہ سندھ کے زیر انتظام تحصیل کے این شاہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں، سیالکی، بخشو فقیر، واہ صوبدار، سہراب گچل، پنجانی چانڈیو، گلن کھوسو، گوزو، چوبار، غلام قادر کھوسو، صاحب خان کھوسو، جان میں کوریجو، دل مراد منگرھار، بھادرپور اور کے این شاہ سٹی میں 100 متاثرین میں مسالک و مکاتب سے بالاتر ہو کر اور استحقاق کے پیش نظر، محترم رضاکاروں نے 100 عدد خیمے متاثرین کے زمین بوس مکانات کے قریب اور جائے پناہ پر نصب کر کے دئیے تاکہ ان کی مشکلات کسی حد تک کم ہوسکیں۔

اس موقع پر بانی اتحاد امت مسلمہ اور نمائندہ ولی امر مسلمین و قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کا سلام اور پیغام بھی پہنچایا گیا اور ان کی صحت و سلامتی کیلئے دعا بھی کی گئی۔
تفصیلات:
* تحصیل میہڑ، 100 عدد، خیمے
* تحصیل کے این شاہ، 100 عدد، خیمے
قابل ذکر ہے کہ ضلع دادو میں بھی 200 عدد خیمے نصب کئے جا چکے ہیں۔
تمام تر قلت وسائل کے باوجود گذشتہ 5 ماہ سے ملک کے طول و عرض میں بالخصوص سندھ و بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں سرگرمیاں جاری ہیں اور رضاکاران اور کارکنان شب و روز امدادی کاموں میں مصروف ہیں جبکہ انہیں ناہموار اور دشوار گذار راستوں کو بھی عبور کرنا پڑتا ہے۔
الحمدللہ، ضلع دادو کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 700 سے زائد متاثرہ گھرانوں کو اشیائے خورد و نوش، مچھر دانیاں اور ترپال(سائبان) پیش کی جا چکی ہیں۔ اس کے علاوہ تحصیل کے این شاہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تبرک امام حسین علیہ السلام فراہم کیا گیا اور میڈیکل کیمپس بھی قائم کئے گئے تھے۔
تحصیل کے این شاہ میں قائد محترم کی سرپرستی میں فراہمی آب، مستحقین کے مکانات، بنیادی ضروریات اور مساجد کی تعمیرات بھی کی گئی ہیں، محرم الحرام میں عشروں کا انعقاد، ماہ رمضان المبارک میں تبلیغاتی سینٹرز کا قیام اور دیگر شعبوں میں سارا سال فعالیت انجام پذیر ہوتی رہتی ہے۔
رب کریم کی بارگاہ میں دعاگو ہیں کہ بحق معصومین علیہم السلام قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کو اپنی تائیدات سے کامیابی و سرفرازی نصیب فرمائے اور زہرا (س) اکیڈمی کے اراکین، معاونین اور رضاکاروں کی توفیقات خیر میں اضافہ فرمائے اور ان کی خدمات کو قبول و منظور فرمائے۔ آمین یارب العالمین۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .