حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے ضلع اوستہ محمد بلوچستان میں ضلعی شوری کا اہم اجلاس و تنظیمی کنونشن، مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی کی صدارت میں گنداخہ شہر میں منعقد ہوا۔
تفصیلات کے مطابق، اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر سہیل اکبر شیرازی، صوبائی سیکرٹری تبلیغات علامہ عبد الحق جمالی، صوبائی سیکرٹری مالیات مولانا محمد علی جمالی، صوبائی سیکرٹری تنظیم سید حسن ظفر شمسی، درگاہِ ستارشاہ سجادہ نشین کے فرزند سی الطاف حسین شاہ، درگاہ سید غلام علی شاہ کے سجادہ نشین علی مردان شاہ، سید عباس شاہ اسرار احمد جمالی، وڈیرہ مختار خان جمالی، میر یوسف خان سیال اور میر شیراز خان سیال موجود تھے۔
اس موقع پر اکثریت رائے سے اگلے تین سال کیلئے مولانا ثناءاللہ جمالی ضلعی صدر برائے ضلع اوستہ محمد منتخب ہوئے اور علامہ سید ظفر عباس شمسی نے نو منتخب ضلعی صدر سے حلف لیا۔
علامہ ظفر شمسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ملت تشیع کی نمائندہ تنظیم ہے اور ہمیشہ ملت کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مرکز سے لیکر یونٹس تک کردار سازی کیلئے اسٹڈی سرکل کے پروگرامز کا آغاز کر چکی ہے، ضلع میں زیادہ سے زیادہ یونٹس قائم کئے جائیں گے اور یونٹس میں اخلاقی دروس اور ہفتہ وار دعاؤں کے پروگرامز کا منعقد کرنا اور ان پروگرامز میں شرکت نہایت ضروری ہے۔
اجلاس سے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر سہیل اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم کوشش کررہے ہیں کہ بلوچستان میں زیادہ سے زیادہ یونٹس کا قیام عمل میں لایا جائے جس کیلئے سب عہدیداران کو اپنے اپنے علاقوں میں فعال یونٹس کے قیام کیلئے محنت کرنی ہوگی۔
ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری تبلیغات مولانا عبد الحق جمالی نے کہا کہ آئمہ معصومین علیہم السلام کی سیرت عالم کیلئے نمونۂ عمل ہے، لہٰذا ہم سیرت چہاردہ معصومین علیہم السلام پر عمل کرکے دین و دنیا میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔