حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ہم محسن ملت علامہ سید صفدر حسین نجفی کی بلندی درجات کے لئے دعاگو ہیں اور ان کی ملت کے لیے شاندار دینی و تعلیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
محسن ملت کے یوم وفات کی مناسبت سے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں چیئرمین ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ علامہ سید صفدر حسین نجفی نے پاکستان میں خط امام خمینیؒ کی طرف متوجہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا اور شہید قائد علامہ سید عارف الحسینی کو قائد کے منصب کے لئے منتخب کرنے میں بھی پیش پیش تھے۔
انہوں نے کہا: پاکستان اور بیرون ملک میں بچھایا گیا آپ کا مدارس دینیہ کا جال ملت کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔ قوم کے لئے آپ کی بے مثال کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔