حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے یوم اقبال کی موقع پر کہا ہے کہ حکیم الامت حضرت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے افکار و تعلیمات پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کے لئے شعور و بیداری کا پیغام ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقبال نے اپنے اعلی افکار و عظیم تعلیمات کے ذریعے قوم کو غلامی سے آزادی کا راستہ دکھایا۔ اقبال کا کلام اللہ تعالیٰ پیغمبر اسلام قرآن کریم اور آل محمد علیہم السلام کے عشق و محبت سے لبریز ہے۔
علامہ مقصود علی نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کے حکمران طبقہ اور مقتدر حلقوں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور مصور پاکستان ڈاکٹر محمد اقبال کے افکار و تعلیمات سے بغاوت کر کے پاکستان کو ایک ایسی غلام ریاست میں بدل دیا جہاں کرپشن کی نحوست میں غرق پست افکار و کردار کے حامل لوگ حاکم ہیں۔
مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی رہنما نے کہا کہ علامہ اقبال کے افکار و نظریات کی روشنی میں ہم ملکی استقلال آزادی کا تحفظ کرتے ہوئے ملک و قوم کو ترقی یافتہ بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے امت مسلمہ کے سامنے کربلا کے پیغام حریت کی تشریح کرتے ہوئے ظلم و استبداد کے خلاف قیام کا درس دیا۔ اقبال کا تصورِ خودی در حقیقت قرآن کریم کے تصورِ نیابتِ الہی کی فلسفیانہ اور بلیغانہ تفسیر ہے۔ اقبال نے ایسے رزق پر موت کو بہتر قرار دیا جو انسانی پرواز میں کوتاہی کا باعث ہو۔
آخر میں انہوں نے علامہ محمد اقبال کے افکار پر غور کرنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عصر حاضر میں امت مسلمہ کلام اقبال کی روشنی میں اپنی منزل پا سکتی ہے۔