۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
سیدہ معصومہ نقوی

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی صدر نے کہا کہ حجاب حکم خدا اور حکم قرآنی ہے اور یہ سیدہ فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا اور سیدہ زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی سنت ہے۔ مسلم خواتین اپنے پردے اور حجاب کی حفاظت کرکے اسلام دشمن سامراجی ثقافت کو شکست دیں گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی صدر خواہر سیدہ معصومہ نقوی تنظیمی دورے پر جیکب آباد پہنچیں، اس موقع پر انہوں نے مدرسہ خدیجہ الکبریٰ (ع) جیکب آباد میں جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عنوان سے خواتین کے اجتماع سے خطاب کیا اور شعبہ خواتین کے تنظیمی اجلاس کی صدارت کی۔

تفصیلات کے مطابق، مدرسہ خدیجہ الکبریٰ (ع) کی طالبات اور تنظیمی خواہران کی ایک نشست منعقد ہوئی، جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی اور جامعہ بعثت ٹرسٹ کے جنرل سیکرٹری علامہ سید مہدی کاظمی نے شرکت اور خطاب کیا۔

مدرسہ خدیجہ الکبریٰ (ع) کی پرنسپل محترمہ رقیہ سلطانہ نے معزز مرکزی صدر شعبہ خواتین کے لئے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔

سیدہ معصومہ نقوی نے کہا کہ خواتین معاشرے کی نصف آبادی ہے جن کی دینی تعلیم و تربیت معاشرے کی اصلاح کا سبب ہے۔

انہوں نے کہا کہ حجاب حکم خدا اور حکم قرآنی ہے اور یہ سیدہ فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا اور سیدہ زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی سنت ہے۔ مسلم خواتین اپنے پردے اور حجاب کی حفاظت کرکے اسلام دشمن سامراجی ثقافت کو شکست دیں گی۔

نشست سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتینِ انتہائی اہمیت کا حامل شعبہ ہے خواتین کی تعلیم و تربیت ہی سے معاشرے میں انقلاب برپا ہوتے ہیں۔ وطن عزیز پاکستان میں شعبہ خواتین نے شہدائے کوئٹہ کے دھرنے اور انتخابات جیسے حساس مواقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زینبی کردار ادا کیا۔

نشست سے علامہ سید مہدی کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کسان گندم کے دانے کو مٹی میں نا چھپائے اس وقت تک گل و گلزار ممکن نہیں دانہ خود کو مٹی میں ملا کر بقاء اور عروج پاتا ہے یہ بظاہر دانے کے لئے فناء جبکہ در اصل بقاء ہے۔ شہدائے راہ خدا بھی بظاہر شہید ہوتے ہیں مگر وہ دائمی زندگی اور بقاء کا راز پا لیتے ہیں۔اس موقع پر مرکزی صدر کی زیر صدارت شعبہ خواتین کی تنظیمی فعالیت سے متعلق بھی اجلاس منعقد ہوا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .