حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 17 ربیع الاول جشن صادقین (ع)، بمناسبت ولادت باسعادت رسول اکرم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و ولادت امام جعفر صادق علیہ السلام کے پر مسرت موقع پر تمام عاشقان اہلبیت علیہم السلام کی خدمت میں مبارک باد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم وہ ذات مقدسہ ہیں جنہوں نے جانی دشمنوں کو بھائی بھائی کے مثالی رشتے میں بدلا اور ایک فلاحی ریاست قائم کر کے اسلام کی حقانیت کو تسلیم کرایا۔
انہوں نے کہا: ایک پرامن معاشرے کے قیام اور رواداری کے فروغ کے لیے تعلیمات نبوی پر عمل پیرا ہونا انتہائی ضروری ہے۔ اس وقت یہود و نصاریٰ کا اولین ہدف امت مسلمہ کی تباہی و تنزلی ہے۔ مسلمانوں کو اختلافات میں الجھا کر دشمن ہمیں ایک دوسرے کے خلاف صف آرا کرنا چاہتا ہے۔ہمیں ان حالات کا بارک بینی سے درک کر کے بابصیرت طرز عمل اختیار کرنا ہوگا۔عالم استعمار واستکبار کی سازشوں کوجس ہتھیار سے ناکام بنایا جا سکتا ہے اس کا نام "وحدت و اخوت" ہے۔ اب پوری دنیا کے مسلمانوں کا اختلافات کو نظر انداز کر مشترکات پر باہم ہونے کا وقت ہے۔امت مسلمہ کی سا لمیت و بقا کایہی واحد راستہ ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا: امام جعفر صادق علیہ السلام نے اپنے جد امجد حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کو آگے بڑھاتے ہوئے دین مبین اسلام کا علمی چہرہ روشناس کروایا۔ تفسیر، حدیث، فقہ، اصول اور عقائد کے شعبوں میں اسلام کی حقیقی تعلیمات سے اسلامی معاشرے بہرہ مند کیا۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے حوزہ علمیہ کی بنیاد ڈال کر دین مبین اسلام میں نئی روح پھونکی اور اسے ایک نئی زندگی عطا کی۔ صادقین علیہ السلام کی تعلیمات کے مطابق اخوت و رواداری کا دامن اگر مضبوطی سے اگر تھام لیا جائے تو عالم اسلام کے سر سے مشکلات کے بادل چھٹ جائیں گے۔