حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جشن میلاد صادقین علیہم السلام اور ہفتۂ وحدت کے سلسلے میں چک ضلع شکار پور پاکستان میں تقریب منعقد ہوئی جس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کیا۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ دنیا کا ہر انسان کامیابی کی تلاش میں ہے قرآن کریم نے کامیابی کا مکمل منشور پیش کیا ہے۔ دولت اور کرسی اگر کامیابی کا معیار ہوتے تو قارون فرعون اور یزید کامیاب ہوتے کیونکہ قرآن مجید نے دو ٹوک الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ ظالم کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اتباع اور اطاعت کامیابی اور نجات کا راستہ ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مسلمانوں کے درمیان اخوت اور برادری قائم کی۔ آپ نے فرمایا: مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ہفتہ وحدت کے موقع پر رہبر کبیر حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے فرمان کی روشنی میں ہم شیعہ سنی اتحاد بین المسلمین کا پرچار کرتے ہیں دراصل اتحاد بین المسلمین قرآن کریم اور سنت رسول اللہ کا پیغام ہے۔ آئمہ اہل بیت علیہم السلام نے اپنے گفتار اور کردار سے اتحاد بین المسلمین کا درس دیا امام جعفر صادق علیہ السلام کے حلقہ درس میں ہزاروں اہل سنت کسب فیض کرتے رہے صادق آل محمد علیہ السلام کا مدینہ طیبہ میں حلقہ درس اتحاد بین المسلمین کی عملی تصویر تھا جہاں امام ابوحنیفہ سمیت اکابرین اہل سنت علوم قرآن و سنت سے مستفید ہوتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج نصاب تعلیم کے اندر توہین رسالت کی جا رہی ہے یہ متنازعہ نصاب سید الانبیاء حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس کے خلاف ہے جسے شیعہ سنی رد کر رہے ہیں۔ متنازعہ نصاب تعلیم ملک میں نئے فتنے کو جنم دے گا۔