حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان پاکستان کے صدر علامہ وسیم عباس معصومی نے کہا ہے کہ ملتان نشتر ہسپتال میں انسانی لاشوں کی بے حرمتی نے ہلاکو اور چنگیز خان کے دور کو بھی شرما دیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے النور اسلامک سنٹر میں ضلعی کابینہ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی شدید اور بدترین بے حرمتی کہ انسانوں کی لاشوں کو چیلیں اور کوے نوچتے رہے لیکن نشترہسپتال کی انتظامیہ کے کسی فرد کا دل کانپا اور نہ ہی کسی کو اللہ کا خوف آیا، لاشوں کی ایسی تذلیل اور توہین شرعی طور پر مناسب ہے نہ اخلاقی طور اور نہ ہی کسی مسلمان کے شایان شان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام ایک ایسا دین ہے کہ جس نے زندہ انسانوں کے ساتھ ساتھ انسانی لاشوں کی تکریم کی بھی تلقین کی ہے، نشتر ہسپتال میں پیش آنے والا واقعہ اسلام کے خوبصورت اور روشن تعلقات کے بلکل برعکس ہے، حکومت سے ہمارا مطالبہ ہے کہ اس بدترین واقعہ کے مرتکب ذمہ داروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کس قدر افسوس اور دکھ کا مقام ہے کہ ہسپتال انتظامیہ نے سینکڑوں لاشیں کاٹھ کباڑ کی طرح بے گوروکفن کھلی چھت کے نیچے پھینک رکھی تھیں، جنہیں چیلیں کھا رہی تھیں کوئے، چرند، پرند اور حشرات الارض نوچ رہے تھے۔