۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
علامہ توقیر

حوزہ/ڈیرہ اسماعیل خان کوٹلی پاکستان امام حسین الکوثر سکول اینڈ کالج کے زیراہتمام ماہ ربیع اول میں ہفتہ وحدت کی مناسبت سے جشن میلاد صادقین مینیجنگ ڈائریکٹر الکوثر سکول اینڈ کالج علامہ محمد رمضان توقیر کی صدارت میں منعقد ہوا۔جشن میلاد صادقین کےمہمان خصوصی تحصیل سٹی میئر عمر امین خان گنڈہ پور تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علامہ محمد رمضان توقیر نے مسلمین جہاں کو ماہ ربیع اول میں دو صادقین یعنی ہمارے پیارے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور امام جعفر صادق کی ولادت با سعادت کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ذات پات کی تقسیم کو غلط ٹھہراتے ہوئے انسانی وحدت کی تعلیم دی ہے، تمام انسانیت کو ایک ماں باپ کی اولاد قرار دیتے ہوئے انہیں رشتہ اُخوت سے جوڑا ہے اور خاص کر ایک سماج میں ایک دوسرے کے جذبات کا احترام و رواداری اور باہمی تعاون کے ذریعہ امن و آشتی کو قائم رکھنے کی ہدایت دی ہے۔

اس لیے ضروری ہے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو مستندو معتبر کتابوں کے ذریعہ پڑھا جائے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی انقلاب انگیز تعلیمات کو سمجھنے کی کوشش کی جائے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم امن اور مساوات کے داعی تھے اور آپ کا اُسوہ ہمارے لیے موجودہ حالات میں بہترین راہ نما ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان اپنی زندگی کو اخلاقِ نبوی کا آئینہ بنائیں اور اسلام نے سماج کے تمام طبقات کے ساتھ جس حسنِ سلوک اور انسانی بنیادوں پر برادرانہ برتاوٴ کی تعلیم دی ہے، اس کا نمونہ بنیں۔

علامہ محمد رمضان توقیر نے مزید کہا کہ 12 تا 17 ربیع اول امام خمینی نے ہفتہ وحدت کے طور پر منانے کا اعلان کیا، تاکہ ان ایام مبارکہ میں مسلمان ایک دوسرے کو صادقین کی ولادت کی مبارک باد دیں اور اتحاد و وحدت کے ساتھ دین اسلام پر عمل پیرا ہوں اور دین اسلام کی تبلیغ اور ترویج کے سلسلے کو جاری رکھیں اور اپنی منافرات و رنجشوں کو دور کریں۔ اور تفرقہ بازی اور انارکی پھیلانے سے گریز کریں، تاکہ دوسروں تک امن و محبت اور سلامتی کا پیغام پہنچے اور وہ متاثر ہوں اور دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے لئے آمادہ ہوں۔

تقریب کے مہمان خصوصی تحصیل سٹی میئر عمر امین خان گنڈہ پور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سب پہلے آپ کو جشن میلاد صادقین کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ اس الکوثر سکول اینڈ کالج کے مینیجنگ ڈائریکٹر علامہ محمد رمضان توقیر کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں ہر حوالے سے ہماری عزت افزائی اورحوصلہ افزائی کرتے ہیں۔اس ادارے کے دیگر مسئولین کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں علامہ صاحب نے بہت ہی خوبصورت انداز میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اور شان کا تذکرہ کیا ہے۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تمام انبیاء کرام کے سردار ہیں اور دونوں جہانوں کی رحمت ہیں۔انکی حیات طیبہ ہمارے لیئے اسوہ حسنہ ہے۔کفار رسالت اور نبوت کے منکر تھے، لیکن انکے صادق و آمین ہونے کے قائل تھے۔وہ بھی اپنی امانتیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس رکھتے تھے۔ ہم مسلمان بھی رسول خدا کے اسوہ پر عمل کرتے معاشرے میں حق سچ اور عدل و انصاف قائم کرنے کی کوشش کریں۔

جشن میلاد صادقین کی تقریب سے مہمان خصوصی عمر امین گنڈہ پور، الکوثر سکول اینڈ کالج مینیجنگ ڈائریکٹر علامہ محمد رمضان توقیر کے علاوہ پرنسپل سید مرتضی شیرازی، سید عنایت علی شاہ،سید انصار علی زیدی دیگر مقررین اور الکوثر سکول اینڈ سکول کالج طلباء نے منقبتیں اور نعتیں پیش کی۔

اساتذہ اور طلباء نے جشن صادقین میں کثیر تعداد میں شرکت کرکے صادقین آل محمد سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .