حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید ندیم اصغر رضوی استاد جامعہ جوادیہ بنارس نے امامیہ فیڈریش املو کے زیر اہتمام بمقام عزا خانہ زہرا املو منعقدہ سا لانہ’’ جشن ِطلوعِ نیرین‘‘ بمناسبت ولادت حضرت رسول خداؐ و امام جعفر صادق ؑ میں خطا ب کرتے ہوئے کہا: پیغمبر اسلامؐ کا طرہ امتیاز یہ ہے کہ جو کام کسی نبی و رسول سے نہ ہو سکا وہ آنحضرت ؐ نے کر دکھایا یعنی آپ نے امت مسلمہ کو رشتۂ مواخات کی ایک لڑی میں پرو دیا۔’’عقد موالات‘‘ کو ترک فرماکر’’ عقد مواخات ‘‘قائم کیا۔مواخات کی عظمت و فضیلت اور اہمیت و افادیت کے حوالے سے قرآن مجید کی کئی آیات مقدسہ اور رسول اسلام کی متعدد احادیث مبارکہ موجود ہیں جن پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جارہی ہے۔خدا کا شکر ہے کہ سچے عاشقان رسول وآل رسول علیہم السلام عید غدیر کے موقع پر اعمال عید غدیر کے ضمن میں نہایت عقیدت و احترام اور شان و شوکت کے ساتھ مذکورہ بلا حکم خدا و سنتِ رسول اللہ پر عمل کر کے احیاءِسنت نبوی کا بھی اہتمام کرتے ہیں۔
پروگرام کا آغاز مولانا ذیشان جعفری متعلم مدرسہ باب العلم کی تلاوت قرآن مجید سےہوا۔اور انجمن امامیہ املو،انجمن معصومیہ شاہ محمد پور،انجمن انصار حسینی قدیم،انجمن عباسیہ نواہ،انجمن حسینیہ املو،انجمن سجادیہ پورہ دیوان،انجمن محبان حسینی پورہ خضر،انجمن جوانان حسینی املو نے نعتیہ کلام پیش کئے۔ نظامت کے فرائض مختار معصوم املوی نے بحسن و خوبی انجام دئے۔
اس موقع پر حجۃ الاسلام مولانا مظاہر حسین پرنسپل مدرسہ باب العلم مبارکپور، ،مولانا ابن حسن املوی بانی و سر پرست حسن اسلامکریسرچ سینٹر املو مبارکپور،حجۃ الاسلام مولانا جرار حسین نجفی،شاہ عالم گڈو جمالی سابق ایم ایل اے حلقہ مبارکپور،سید ثمر نقوی زیدی لکھنؤ،حاجی عبد المقتدر رسول پور مبارکپور،ماسٹر قیصر جاوید املوی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔اور کثیر تعداد میں عاشقان ِرسولؐ و آل ؑرسول شریک ہوئے۔