۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
گنداواہ، جشن عید میلاد النبی ص

حوزہ / منجیٔ عالم بشریت رحمت للعالمین حضرت محمد مصطفی (ص) کی ولادت باسعادت جشن عیدمیلاد النبی اور ہفتۂ وحدت کی مناسبت سے گنداواہ ضلع جھل مگسی میں ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، منجیٔ عالم بشریت رحمت للعالمین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت جشن عیدمیلاد النبی اورہفتہ وحدت کی مناسبت سے گنداواہ ضلع جھل مگسی میں منعقدہ ریلی سے مجلس وحدت المسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر سہیل اکبر شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا: سرکار دوعالم رحمت العالمین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادتِ باسعادت تمام مسلمانوں کے لیے نکتۂ وحدت ہے۔

انہوں نے کہا: آنحضرت کی سیرت تمام عالم بشریت کے لیے اسوہ حسنہ ہے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس وجہ تخلیق کائنات ہے آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت سے پہلے عرب میں جہالت اور ظلم و جور عروج پر تھا۔ عرب اپنی بیٹیوں کو زندہ درگور کر دیتے تھے، بت پرستی کا دور دورہ تھا حتی کہ کعبہ کے اندر بھی کافروں نے بت رکھے ہوئے تھے۔ پیامبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تبلیغ دین اسلام کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کا پیغام لوگوں تک پہنچایا۔

ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی نائب صدر نے کہا: پیامبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انسانیت کو ظلمت کی تاریکیوں سے نکالا۔ 12 ربیع الاول سے 17 ربیع الاول تک کا ہفتہ "ہفتہ وحدت" کے طور پر منایا جاتا ہے۔ آج کی ریلی عاشقانِ رسول اللہ (ص) کا اجتماع ہے جس میں شیعہ سنی اتحاد کا عملی مظاہرہ دیکھنے میں آیا ہے۔ تمام مسلمان آپس میں بھائیوں کی طرح ہیں۔ ہمیں خاتم النبیین، سردار الانبیاء، رحمت للعالمین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادتِ باسعادت کے ایام کو شایانِ شان طریقے سے منانا چاہیے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .