حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ ملبورن حجت الاسلام اشفاق وحیدی نے عید میلاد النبی (ص) اورہفتہ وحدت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں تمام عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا: انسانیت کا احترام اور وقار پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت میں مضمر ہے۔ آج معاشرے میں ایسے سنہری اصولوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے جو حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی امت کو عملی طور پر تعلیم دئے۔
انہوں نے کہا: حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت اور کردار عالم بشریت کے لیے ہدایت کا چراغ ہے۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے محروموں اور مظلوموں کی مدد کے لیے ان اصولوں کے لیے جدوجہد کی جس سے عادلانہ نظام کے قیام میں مدد ملتی ہے۔
حجت الاسلام اشفاق وحیدی نے کہا: آج استعماری طاقتیں آزادی کے نام پر نوجوان نسل کو تعلیم محمدی (ص) سے دور کر رہی ہیں۔ انسانی حقوق کی پامالی جو دنیا میں ھو رہی ہے وہ تعلیم محمدی (ص) سے ہی دوری کا نتیجہ ہے۔
امام جمعہ ملبورن نے تمام عالم اسلام کو ایام ولادت رسول گرامی (ص) کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا: حضرت امام خمینی (رہ) کے فرمان کے مطابق شیعہ سنی مل کر دشمنان اسلام کی خلاف متحد ہو کر آواز بلند کریں تاکہ عوام میں بیداری کی فضا پیدا ہو۔ آج شر پسند عناصر مختلف ممالک میں شرپسندی پھیلانے میں سر گرم عمل ہیں جن کی پشت پناہی انسان دشمن عناصر کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
انہوں نے کہا: ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کردار پر عمل پیرا ہو کر دشمنانِ اسلام کو ناکام بنانا ہے تاکہ امت محمدی (ص) کے درمیان اتحاد و حدت اور پیار و محبت فروغ پائے۔