۲۶ آذر ۱۴۰۳ |۱۴ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 16, 2024
قائد ملت جعفریہ پاکستان / 28 صفر المظفر

حوزہ / علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: امام  حسن  علیہ السلام نے اپنے جد امجد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے مسلمانوں کو امن و محبت کا درس دیا اور اسلام کی نگہبانی کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 28 صفر المظفر حضرت خاتم المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم وصال اور نواسہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت امام حسن علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا: حضرت خاتم النبین، رحمت اللعالمین، سرورکائنات انسانیت کی ہدایت کا مرکز و محور ہیں اور قرآن حکیم کے ساتھ ساتھ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت اورسیرت کی شکل میں ایسا خزانہ امت مسلمہ کے لئے موجود ہے جو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وصال کے صدیوں بعد بھی عالم انسانیت کی مکمل رہنمائی کررہا ہے اور انسانیت کو ہر میدان میں زندگی گزارنے کا طریقہ اور ترقی کا سلیقہ سکھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا: اگر امت مسلمہ بالخصوص اور عالم انسانیت بالعموم حضوراکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت اور سیرت پر عمل پیرا ہو تو خطہ ارض سے تمام مشکلات کا خاتمہ ہوسکتا ہے ۔

علامہ ساجد علی نقوی نے کہا: امت مسلمہ کی نجات کے لئے وصال نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد اہل بیت اطہار علیہم السلام نے امت کی تمام معاملات میں رہنمائی کی۔ عالم انسانیت کے انفرادی، اجتماعی، روحانی، دینی و دنیاوی مسائل کا حل اہل بیت علیہم السلام نے اپنے عمل و کردار سے پیش کیا اور خاتم النبین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد ان کے جانشین کے طور پر فرائص انجام دیئے۔

انہوں نے مزید کہا: اگر ہم خواہشمند ہیں کہ سیرت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا عملی مشاہدہ کریں اور سنت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عملی تعبیر و تشریح دیکھیں تو ہمیں سیرت امام حسن علیہ السلام کا مطالعہ و مشاہدہ کرنا ہوگا کیونکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، حضرت علی اور سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہما نے حضرت امام حسن علیہ السلام کی تربیت اس نہج پر کی کہ حضرت امام حسن علیہ السلام پرہر مرحلے، ہر میدان، ہر موڑ اور ہرانداز میں شبیہ پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نظر آئے۔

علامہ ساجدنقوی نے کہا: رسول خداصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی احادیث میں حضرت امام حسن علیہ السلام کی شان و منزلت اور حیثیت و مرتبت کی نشاندہی فرمادی تھی تو امام علیہ السلام نے اپنے جد امجد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے مسلمانوں کو امن و محبت کا درس دیا اور صلح کا راستہ اپناکر ثابت کردیاکہ اہل بیت پیغمبرصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دین اسلام کی نگہبانی کا فریضہ ادا کرنا جانتے ہیں۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: موجودہ پرفتن دور اور سنگین حالات میں ہمیں باہمی فروعی و جزوی اختلافات کو پس پشت ڈال کر سینکڑوں مشترکات کو سامنے رکھتے ہوئے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور خاندان رسالت کے اسوہ پر عمل پیرا ہوکر امن، محبت، رواداری، تحمل اور برداشت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا اور علم و حلم، عقل و شعور، تدبر و تحمل اور اخوت و یگانگت کی راہ پر چل کر خداوند تعالی اور خاتم الانبیاء کی خوشنودی حاصل کرنا ہوگی۔ صرف اسی صورت میں دنیوی و اخروی نجات ممکن ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .