حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں رہبر معظم کے نمائندے، حجۃ الاسلام و المسلمین عبد المجید حکیم الہی نے ولادتِ باسعادت حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام اور ہفتۂ وحدت کے موقع پر ایک خصوصی پیغام میں ہندوستان کے تمام عوام، مذہبی رہنماؤں، علما، دانشوروں اور علمی و ثقافتی شخصیات کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اتحاد، اخوت، باہمی احترام اور انسانی اقدار کے فروغ پر زور دیا ہے۔
پیغام کا آغاز قرآنِ مجید کی اس آیت سے کیا گیا ہے: «وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللَّهِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا» یعنی ’’سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقے میں نہ پڑو۔‘‘
انہوں نے پیغام میں کہا کہ پیغمبرِ اعظم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادتِ باسعادت، اس عظیم رسالت کی یاد دلاتی ہے جس کا مقصد انسانیت کو ایمان، علم، اخلاق، عدل، اخوت اور انسانی کرامت کے نور سے آشنا کرنا تھا۔ پیغمبرِ رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی سیرتِ طیبہ کے ذریعے محبت، امن، باہمی احترام اور پُرامن بقائے باہمی کا ایسا راستہ دکھایا جو آج بھی پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
حجۃالاسلام و المسلمین حکیم الہی نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت کو علم، معرفت اور عقلانیت کے فروغ کا اہم موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ مکتبِ جعفری علم، اخلاق اور انسانی تربیت کی عظیم روایت کا امین ہے اور موجودہ دور میں اس کی تعلیمات کی طرف رجوع کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔
حجۃ الاسلام و المسلمین عبد المجید حکیم الہی نے ہفتۂ وحدت کو امتِ اسلامی کی مشترک بنیادوں کو مضبوط کرنے اور مسلمانوں کے درمیان اخوت و ہم آہنگی کے فروغ کا قیمتی موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج جب بعض عناصر اختلافات اور تفرقے سے فائدہ اٹھا کر سماجی اور انسانی بنیادوں کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ایسے میں مکالمے، باہمی احترام، تعاون اور اتحاد کی حفاظت ناگزیر ہے۔
پیغام میں ہندوستان کی عظیم دینی و ثقافتی تاریخ اور اس ملک کی ترقی و آبادانی میں مسلمانوں کے مؤثر کردار کا بھی ذکر کرتے ہوئے علماء، دانشوروں اور دینی و ثقافتی شخصیات پر زور دیا گیا کہ وہ حکمت اور بصیرت کے ساتھ اتحاد و یکجہتی کو مضبوط بنائیں اور نوجوان نسل کو پیغمبرِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نورانی سیرت، اسلامی تعلیمات اور اعلیٰ انسانی اقدار سے روشناس کرائیں۔
اس موقع پر رہبرِ معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی جانب سے بھی ہندوستان کے مذہبی رہنماؤں، علما، دانشوروں اور دینی، علمی و ثقافتی شخصیات کو تبریک و تہنیت پیش کی گئی اور ان کے لیے عزت، سربلندی اور اعلیٰ انسانی مقاصد کی خدمت کی توفیق کی دعا کی گئی۔
پیغام کے اختتام پر ہندوستان کے تمام عوام کو ایک مرتبہ پھر اس مبارک موقع پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے دعا کی گئی کہ خداوندِ متعال، پیغمبرِ رحمت حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادتِ باسعادت کے طفیل انسانوں کے دلوں کو ایک دوسرے سے قریب فرمائے، امتِ اسلامی کو عزت و سربلندی کے راستے پر ثابت قدم رکھے اور عظیم ہندوستانی معاشرے کو علم، ایمان، اخلاق، ہم آہنگی اور ترقی کی نعمتوں سے مالا مال فرمائے۔









آپ کا تبصرہ