حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دہلی نو/ دفتر نمائندگی ولی فقیہ دہلی نو میں مرجعِ عالی قدر جہانِ تشیع، حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی رحلت پر تعزیتی جلسے اور مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا، جس میں ان کی علمی، معرفتی، سیاسی اور ولائی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے حوزہ ہائے علمیہ اور عالمِ اسلام کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

جلسے کا آغاز جناب طاہا شاعری کی تلاوتِ کلامِ الٰہی سے ہوا۔ اس کے بعد حجۃ الاسلام والمسلمین جنان اصغر مولائی، امام جمعہ امامیہ ہال دہلی نے مختصر خطاب کیا اور مرحوم مرجعِ عالی قدر کی علمی و معنوی خدمات پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر نمائندہ محترم ولی فقیہ ہند حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر عبدالمجید حکیم الٰہی نے اپنے خطاب میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کو حوزہ ہائے علمیہ کی ممتاز اور مؤثر علمی شخصیات میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی تحصیلِ علم، تدریس، تحقیق، تربیتِ شاگردان اور معارفِ اہل بیتؑ کی ترویج میں صرف کی۔ ان کی رحلت حوزہ ہائے علمیہ اور عالمِ اسلام کے لیے ایک عظیم علمی و دینی خسارہ ہے۔
علمی مقام اور مکتبِ قم و نجف کا حسین امتزاج
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی علمی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو درسِ خارجِ فقہ و اصول میں غیر معمولی گہرائی، دقتِ نظر اور علمی تعمق تھا۔ حوزۂ علمیہ قم میں ان کے دروس کو علمی اعتبار سے نہایت عمیق اور ممتاز مقام حاصل تھا۔ ان کے درس میں شرکت کرنے والوں میں ایسے مجتہدین اور اساتذہ بھی شامل تھے جو خود حوزہ ہائے علمیہ میں درسِ خارج تدریس کرتے تھے، تاہم ان کی علمی بصیرت اور دقیق مباحث سے استفادے کے لیے ان کے درس میں حاضر ہوتے تھے۔
ان کے طریقۂ تدریس کی ایک اہم خصوصیت علمی مسائل کے بنیادی مبانی اور جزئیات کا انتہائی باریک بینی سے جائزہ لینا تھا۔ منقول اطلاعات کے مطابق، علمِ اصول کے اہم موضوع ’’مشتق‘‘ کو، جس کی تدریس عموماً مختصر مدت میں مکمل کر لی جاتی ہے، انہوں نے چھ ماہ تک علمی دقت اور گہرائی کے ساتھ پڑھایا۔
انہوں نے مشہد اور نجف کے ممتاز علمائے کرام اور اساتذہ، بالخصوص میرزائے نائینی، محقق کمپانی، آیت اللہ العظمیٰ خوئی اور سید عبدالہادی شیرازی سے علمی استفادہ کیا تھا۔ اس طرح ان کی علمی شخصیت میں نجف اور قم کے دو عظیم فقہی و اصولی مکاتب کا علمی ورثہ یکجا نظر آتا ہے۔

قوتِ بیان، تبلیغ اور سماجی میدان میں نمایاں کردار
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ ممتاز علمی مقام کے ساتھ غیر معمولی قوتِ بیان اور خطابت کی صلاحیت بھی رکھتے تھے۔ ان کی زندگی سے متعلق روایات میں اعتقادی موضوعات پر ان کی مدلل اور بصیرت افروز تقاریر کا خصوصی ذکر ملتا ہے۔ بالخصوص کویت کے سفر کے دوران عیسائی تبلیغی سرگرمیوں کے جواب میں ان کی علمی اور استدلالی گفتگو قابلِ ذکر ہے۔
اسی طرح انقلابِ اسلامی کی جدوجہد کے دوران طلاب اور علماء کے اجتماعات میں ان کے خطابات دینی و سماجی بیداری کے حوالے سے نہایت مؤثر سمجھے جاتے تھے۔
ان کی سماجی خدمات کا ایک اہم پہلو حضرت امام خمینیؒ کے حکم پر مسلط کردہ جنگ کے محاذوں پر حاضری اور مجاہدینِ اسلام سے ملاقات بھی تھا۔ رزمندگان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نہایت تواضع کے ساتھ فرمایا کہ وہ مجاہدین کے معنوی کمالات، اخلاص اور ان کے مقدس نفوس سے فیض حاصل کرنے کے لیے محاذ پر آئے ہیں۔ ان کے یہ کلمات مجاہدینِ اسلام کے تئیں ان کے روحانی نقطۂ نظر اور گہری عقیدت کی عکاسی کرتے ہیں۔
انقلابِ اسلامی اور رہبرِ معظم کے حوالے سے ان کا موقف
تعزیتی نشست میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کے انقلابِ اسلامی، حضرت امام خمینیؒ اور رہبرِ معظم کے حوالے سے موقف پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
ان کے قریبی افراد اور شاگردوں سے منقول بیانات کے مطابق، وہ انقلابِ اسلامی کی حمایت کرتے تھے اور رہبرِ معظم کے طرزِ عمل کے بارے میں فرماتے تھے: ’’اس سید کے کام موازین کے مطابق ہیں۔‘‘ وہ دوسروں کو بھی رہبرِ معظم کی حمایت اور مدد کرنے کی تلقین فرماتے تھے۔
رہبرِ معظم سے ان کی ملاقاتوں کے حوالے سے بھی منقول ہے کہ وہ ان کی صحت و کامیابی کے لیے مسلسل دعا کرنے پر زور دیتے تھے۔ رہبرِ معظم کی علالت اور اسپتال میں زیرِ علاج ہونے کے دوران آیت اللہ وحید خراسانیؒ نے اپنی ضعیفی اور جسمانی ناسازی کے باعث اپنے فرزند آیت اللہ شیخ محسن وحید خراسانی کو ان کی عیادت اور احوال پرسی کے لیے بھیجا تھا۔
اسی تناظر میں ملک میں بعض منحرف فکری تحریکوں اور مذہبی تبلیغی سرگرمیوں کے پھیلاؤ کے حوالے سے ان کے بعض تنقیدی بیانات کا بھی ذکر کیا گیا۔ ان کے قریبی افراد کے مطابق، ان تنقیدوں کا اصل ہدف مذکورہ تبلیغی تحریکیں تھیں، نہ کہ اسلامی نظام؛ لہٰذا ان بیانات کو نظامِ اسلامی کی مخالفت قرار دینا درست نہیں۔

عالمِ ربانی کی رحلت؛ اسلام کے لیے ناقابلِ تلافی خسارہ
تعزیتی نشست کے ایک حصے میں اہل بیتؑ کی روایات کی روشنی میں علمائے ربانی اور فقہائے الٰہی کی رحلت کی عظمت اور اہمیت کو بھی بیان کیا گیا۔
امام جعفر صادق علیہ السلام سے منقول ایک روایت کے مطابق، جب کوئی عالم دنیا سے رخصت ہوتا ہے تو آسمان کے فرشتے اور زمین کے بعض مقامات اس پر گریہ کرتے ہیں۔ اسی طرح ایک مشہور روایت میں ارشاد ہوا ہے: «إِذَا مَاتَ الْعَالِمُ ثُلِمَ فِي الْإِسْلَامِ ثُلْمَةٌ لَا يَسُدُّهَا شَيْءٌ» ترجمہ: جب کوئی عالم وفات پاتا ہے تو اسلام میں ایسا شگاف پیدا ہوتا ہے جسے کوئی چیز پُر نہیں کر سکتی۔
اس موضوع کی تشریح میں ملا صدرا کے فلسفۂ حرکتِ جوہری اور قرآن کریم کی ان آیات کا حوالہ دیا گیا جن میں کائنات کی تمام موجودات کے تسبیحِ الٰہی کرنے کا ذکر ہے۔ اس ضمن میں اس حقیقت کو اجاگر کیا گیا کہ علمائے ربانی کی رحلت محض ایک علمی شخصیت کی جدائی نہیں، بلکہ راہِ بندگی اور معرفتِ الٰہی میں ایک چراغِ ہدایت کے خاموش ہو جانے کے مترادف ہے۔
علمی و معنوی ورثہ؛ حوزہ ہائے علمیہ کے لیے مشعلِ راہ
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی شخصیت کا جائزہ لیا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ ان کا مقام صرف ایک ممتاز فقیہ اور اصولی استاد تک محدود نہیں تھا، بلکہ علمی، تبلیغی، سماجی اور سیاسی میدانوں کے علاوہ شعائرِ اہل بیتؑ کے احیا میں بھی ان کی نمایاں خدمات تھیں۔
شاگردوں کی تربیت، فقہ و اصول کے مباحث میں علمی گہرائی، معارفِ اہل بیتؑ کا دفاع، شعائرِ فاطمی سے خصوصی وابستگی اور انقلابِ اسلامی و رہبری کے حوالے سے ان کا موقف ان کے علمی و معنوی ورثے کے اہم پہلو ہیں، جو حوزہ ہائے علمیہ، علماء، طلاب اور نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔
شعائرِ فاطمی کے احیا اور حریمِ اہل بیتؑ کے دفاع میں نمایاں کردار
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی دینی و سماجی زندگی کا ایک نمایاں پہلو شعائرِ اہل بیتؑ، بالخصوص حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عزاداری کے احیا اور تعظیم کے حوالے سے ان کا خصوصی اہتمام تھا۔
منقول اطلاعات کے مطابق، ایامِ شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو سرکاری تعطیل قرار دینے کے سلسلے میں ان کا اہم کردار تھا۔ اس حوالے سے انہوں نے اس وقت کے صدرِ جمہوریہ سید محمد خاتمی سے باقاعدہ درخواست کی تھی۔
اسی طرح وہ ہر سال ایامِ شہادت حضرت زہرا سلام اللہ علیہا میں اپنے گھر سے حرمِ مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا، قم تک عزاداری کا جلوس برآمد کرتے تھے۔ ایک مرتبہ موسمِ گرما کی شدید گرمی میں انہوں نے مرحوم آیت اللہ العظمیٰ میرزا جواد تبریزی کے ہمراہ ننگے پاؤں عزاداری کے جلوس میں شرکت کی۔ یہ عمل حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی بارگاہ میں ان کی گہری عقیدت و محبت کا نمایاں مظہر تھا۔

حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے مصائب پر آیت اللہ وحید خراسانیؒ کے بصیرت افروز بیانات
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کے افکار و بیانات کا ایک اہم پہلو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے عظیم سانحے اور اس کے امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام پر مرتب ہونے والے اثرات کی تشریح بھی تھا۔
وہ نہج البلاغہ کے بعض خطبات اور کلمات کی روشنی میں امیرالمؤمنین علیہ السلام کی میدانِ جنگ میں صبر و استقامت، رحلتِ رسول اکرمؐ کے بعد کے حالات اور حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے مصائب کا تقابلی جائزہ پیش کرتے تھے۔
اس سلسلے میں وہ اس حقیقت کو اجاگر فرماتے تھے کہ امیرالمؤمنین علیہ السلام نے زندگی کے سخت ترین مراحل اور مختلف جنگوں میں بے مثال صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا، لیکن حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی جدائی کا صدمہ آپؑ کے لیے انتہائی جانکاہ تھا۔ رسول اکرمؐ کی بارگاہ میں آپؑ کے درد بھرے کلمات اس عظیم مصیبت کی گہرائی اور فراقِ زہرا سلام اللہ علیہا پر صبر کی دشواری کو واضح کرتے ہیں۔
اس طرح تعزیتی جلسے میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی علمی عظمت، دینی بصیرت، سماجی خدمات، شعائرِ فاطمی سے وابستگی اور انقلابِ اسلامی و رہبری کے حوالے سے ان کے موقف کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا اور ان کی رحلت کو عالمِ تشیع کے لیے ایک عظیم علمی و معنوی نقصان قرار دیا گیا۔










آپ کا تبصرہ