حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ والجماعت جامع مسجد امام مہدیؑ دورائی اجمیر راجستھان ہند مولانا علی حیدر نجفی نے عالمِ تشیع کی عظیم علمی و دینی شخصیت، مرجعِ عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی رحلت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ، شاگردوں، حوزہ ہائے علمیہ، مراجعِ عظام اور پوری ملتِ تشیع کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی عظیم عالمِ دین کا دنیا سے رخصت ہونا محض ایک فرد کی جدائی نہیں، بلکہ ایک علمی و دینی سرمایہ اور روشن چراغ کا امتِ مسلمہ سے جدا ہونا ہے۔ حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی علمی، فقہی، تدریسی اور تبلیغی خدمات عالمِ تشیع کے لیے ایک گراں قدر سرمایہ ہیں۔ آپ نے اپنی پوری زندگی علومِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام کی ترویج، معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام کی نشر و اشاعت اور مکتبِ تشیع کی علمی آبیاری کے لیے وقف کر دی۔
انہوں نے مرحوم کی دینی خدمات کے ایک نمایاں پہلو کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایامِ فاطمیہ اور مظلومیتِ صدیقۂ طاہرہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کو زندہ رکھنے، ان کی عظمت و معرفت کو عام کرنے اور مجالسِ عزائے فاطمیہ کے فروغ کے حوالے سے ان کی خصوصی توجہ اور جدوجہد قابلِ ذکر ہے۔ انہوں نے ملتِ تشیع کو اس حقیقت کی جانب متوجہ کیا کہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی معرفت، محبت اور ان کے مصائب و مظلومیت کا تذکرہ محض ایک تاریخی یادگار نہیں، بلکہ دینِ اسلام کی حقانیت، مقامِ ولایت اور مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام کی شناخت کا بنیادی حصہ ہے۔
مولانا علی حیدر نجفی نے مزید کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی علمی و فکری رہنمائی نے علماء، خطباء، مبلغین اور محبانِ اہلِ بیت علیہم السلام کو سیرتِ حضرت زہراء سلام اللہ علیہا سے وابستگی اور شعائرِ فاطمیہ کے احیاء کی جانب متوجہ کیا۔ ان کی یہ خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔
انہوں نے ایک مرتبہ پھر مرحوم کے اہلِ خانہ، شاگردوں، تلامذہ، حوزہ ہائے علمیہ، مراجعِ عظام اور پوری ملتِ تشیع کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے بارگاہِ خداوندِ متعال میں دعا کی کہ پروردگارِ عالم مرحوم کی دینی و علمی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، انہیں محمد و آلِ محمد علیہم السلام کے جوار میں اعلیٰ مقام عنایت فرمائے اور تمام پسماندگان و متعلقین کو صبرِ جمیل و اجرِ جزیل عطا فرمائے۔










آپ کا تبصرہ