منگل 17 نومبر 2026 - 19:53
آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی علمی و فقہی میراث رہتی دنیا تک چراغِ ہدایت رہے گی، مولانا سید مناظر حسین نقوی

حوزہ/ آیت اللہ وحید خراسانی کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے الجواد فاؤنڈیشن کے سربراہ مولانا سید مناظر حسین نقوی نے کہا کہ آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی علمی و فقہی میراث رہتی دنیا تک چراغِ ہدایت رہے گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مرجعِ عالی قدرِ عالمِ تشیع، فقیہِ اہلِ بیت، حضرت آیت اللہ العظمیٰ حاج شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے سانحۂ ارتحال پر الجواد فاؤنڈیشن کے سربراہ مولانا سید مناظر حسین نقوی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے عالمِ اسلام، بالخصوص عالمِ تشیع، حوزہ ہائے علمیہ اور مکتبِ نورانیِ اہلِ بیت علیہم السلام سے وابستہ تمام اہلِ علم، محبان اور ارادتمندان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فقاہت و بصیرت کے آفتاب، علم و معرفت کے درخشاں مینار، مرجعیتِ دینی کے عظیم ستون اور حوزہ ہائے علمیہ کی ممتاز علمی و روحانی شخصیت، حضرت آیت اللہ العظمیٰ حاج شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی رحلتِ جانکاہ عالمِ اسلام، بالخصوص عالمِ تشیع، حوزہ ہائے علمیہ اور مکتبِ نورانیِ اہلِ بیت عصمت و طہارت علیہم السلام سے وابستہ تمام اہلِ علم، محبان اور ارادتمندان کے لیے ایک عظیم علمی و روحانی سانحہ اور ناقابلِ تلافی خسارہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ ان جلیل القدر علمائے ربانی میں سے تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی تحصیلِ علم، تحقیق و تدقیق، تدریسِ فقہ و اصول، ترویجِ معارفِ اسلامی اور صیانتِ حریمِ شریعت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ آپ کی علمی ژرف نگاہی، فقہی بصیرت، تقوائے الٰہی، فکری استحکام اور دینی استقامت نے حوزہ ہائے علمیہ کو ایک گراں قدر علمی و معنوی سرمایہ عطا کیا۔ آپ کے درس و تدریس، علمی آثار اور تربیت یافتہ تلامذہ کے ذریعے معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام کی ترویج و اشاعت کا ایک روشن سلسلہ قائم رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی عظیم عالم اور فقیہ کی رحلت محض ایک شخصیت کی جدائی نہیں، بلکہ علم و معرفت کے ایک تابندہ چراغ کا خاموش ہو جانا اور علمی تاریخ کے ایک روشن باب کا اختتام ہے۔ تاہم، ایسے نفوسِ قدسیہ اپنے علمی آثار، فکری میراث، شاگردانِ رشید اور دینی خدمات کے ذریعے زمانوں تک زندہ و تابندہ رہتے ہیں۔ حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی علمی، فقہی اور معنوی خدمات تاریخِ فقاہت و مرجعیتِ تشیع میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کے فیوض و برکات اہلِ علم و معرفت کے لیے سرچشمۂ استفادہ رہیں گے۔

سید مناظر حسین نقوی نے بارگاہِ مقدسِ حضرت بقیۃ اللہ الاعظم، امامِ زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجعِ عظامِ تقلید، حوزہ ہائے علمیہ، بیتِ مکرمِ آن مرحوم، تلامذہ و شاگردانِ گرامی، پسماندگان، ارادتمندان اور تمام مؤمنین و محبانِ اہلِ بیت علیہم السلام کی خدمت میں نہایت رنج و الم کے ساتھ تعزیت و تسلیت پیش کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha