حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرجع عالی قدر حضرت آية الله العظمی الحاج حافظ بشیر حسین النجفی (دام ظلہ الوارف) کا مرجع عالی قدر حضرت آیة الله العظمی الشیخ حسین وحید الخراسانی (قدس سره) کی رحلت پر تعزیتی بیان۔ جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
الَّذِينَ إِذَا أَصَابَتْهُم مُّصِيبَةٌ قَالُوا إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
نہایت رنج و غم اور گہرے افسوس کے ساتھ ہمیں جلیل القدر عالمِ ربّانی، ولایتِ محمد و آلِ محمد (صلوات اللہ علیہم) کے حصاروں کے مدافع اور پاسبان، ہمارے عصر کے عظیم مربّی، حوزۂ علمیہ قم کے زعیم اور اپنے زمانے کی یگانہ شخصیت، مرجعِ عظیم آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی (طیّب اللہ ثراہ)کی رحلت کی خبر موصول ہوئی۔
آپ (رضوان اللہ تعالیٰ علیہ) ایک صدی پر محیط عمر گزارنے کے بعد اپنے پروردگار کے جوارِ رحمت میں جا پہنچے۔ اس طویل عرصۂ حیات کے بیشتر حصے میں آپؒ نے حوزہ ہائے علمیہ میں گہرے اثرات مرتب کیے، ان پر اثرانداز ہوئے اور ان کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
بے شک آپؒ ایسی عظیم شخصیت تھے جو علماء کی تربیت اور ان کی علمی و فکری تشکیل کرنے والے تھے۔
آپ (قدس سرہ) اپنی پوری بابرکت زندگی میں راہِ حق پر ثابت قدم رہے اور دوسروں کو بھی اسی راہ پر ثابت قدم رکھنے والے تھے۔ حالات کے بدلاؤ بھی آپ کے عزم و استقامت کو متزلزل نہ کر سکے، اور دنیا اپنی تمام تر کشش کے باوجود آپ سے صرف وہی حق پر مبنی مواقف حاصل کر سکی جنہیں آپ اپنے پروردگار کی رضا اور لوگوں کی ہدایت کے لیے اختیار فرماتے تھے۔
بے شک اس جلیل القدر عالم کی رحلت ایک ایسا خلا ہے جسے پُر کرنا ممکن نہیں۔ خدا کی بارگاہ ہی میں ہم اپنی فریاد پیش کرتے ہیں، اور حضرت امام زمانہ (عجّل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) کی خدمتِ اقدس میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔
نیز حوزہ ہائے علمیہ، تمام مؤمنین، بالخصوص آپ کے فضل و کمال سے آراستہ فرزندانِ گرامی اور معزز خاندان کی خدمت میں اس عظیم سانحے پر دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔
ہم اللہ تعالیٰ، جو ہمیشہ باقی رہنے والی ذات ہے، سے دعاگو ہیں کہ وہ اس مرحوم کو اپنی وسیع رحمت اور کامل رضوان میں جگہ مرحمت کرے، اور انہیں ان ہستیوں کے ساتھ مقامِ صدق و قرب میں جگہ عطا فرمائے جنہوں نے حضرت محمد مصطفیٰ اور آلِ محمد (صلوات اللہ وسلامہ علیہم) سے ولایت و محبت کا رشتہ قائم رکھا اور ان کی نصرت و حمایت کی۔
وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ الْعَلِيِّ الْعَظِيمِ.
بَشِير حُسَيْن النَّجَفِيّ
7 جمادى الآخر 1448 هجري











آپ کا تبصرہ